میرٹھ : مسلمانوں کے کندھوں پر نکلی۔ سورج پرکاش کی ارتھی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2026
میرٹھ : مسلمانوں کے کندھوں پر نکلی۔ سورج پرکاش کی ارتھی
میرٹھ : مسلمانوں کے کندھوں پر نکلی۔ سورج پرکاش کی ارتھی

 



عامر اقبال : نئی دہلی 

میرٹھ شہر کے قدیم علاقے خندق کے نوگزیا محلے میں گنگا جمنی تہذیب کی ایک خوبصورت مثال دیکھنے کو ملی جہاں انسانیت نے مذہب کی حدوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہاں 82 سالہ سورج پرکاش عرف گیانی جی کے انتقال کے بعد ان کی آخری یاترا میں ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے۔ مسلم بھائیوں نے نہ صرف ارتھی کو کندھا دیا بلکہ پورے آخری رسومات تک وہاں موجود رہے۔

اکیلے رہتے تھے سورج پرکاش۔ پڑوسی کرتے تھے دیکھ بھال۔

بتایا گیا کہ سورج پرکاش کافی عرصے سے اسی محلے میں اکیلے رہتے تھے۔ ان کے خاندان کے زیادہ تر افراد باہر رہتے ہیں۔ محلے میں ڈیری چلانے والے کمل بھڑانا کئی برسوں سے ان کی دیکھ بھال کر رہے تھے اور ان کے کھانے پینے کا بھی انتظام کرتے تھے۔کمل بھڑانا کے مطابق اتوار کی رات وہ روز کی طرح ان کے لئے کھانا لے کر پہنچے تھے۔ اس وقت سورج پرکاش نے کہا کہ ان کا کھانے کا دل نہیں ہے اور کھانا فریج میں رکھ دینے کو کہا۔ پیر کی صبح جب کمل اپنی دکان کھولنے کے بعد ان کے پاس پہنچے تو انہوں نے کھانا نہیں کھایا تھا۔ کمل کے کہنے پر انہوں نے ناشتہ میں چند کیلے کھائے۔ اس کے بعد تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر جب کمل دوبارہ ان کے پاس گئے تو وہ مردہ حالت میں ملے۔

سورج پرکاش کے انتقال کی خبر ملتے ہی آس پاس کے محلوں کے لوگ ان کے گھر پہنچنے لگے۔ محلے کے لوگوں نے مل کر ارتھی اور آخری رسومات سے متعلق تمام انتظامات کئے۔ اس دوران ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے لوگ برابر شریک رہے۔محلے کے رہائشی وکی شرما نے بتایا کہ آخری یاترا کی تمام تیاریاں محلے والوں نے مل کر کیں۔ وہیں پڑوسی آصف نے بتایا کہ سب لوگ انہیں پیار سے گرو جی کہہ کر بلاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں سورج پرکاش اکثر بچوں کو ٹافی دیتے تھے اور پتنگ اڑانے کے لئے پیسے بھی دیا کرتے تھے۔مقامی رہائشی شاداب جھبّو نے بتایا کہ پچھلے چند برسوں سے سورج پرکاش زیادہ چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہے تھے اس لئے محلے کے لوگ باری باری ان کے لئے کھانا اور ناشتہ پہنچا دیتے تھے۔

روزے کے باوجود مسلم نوجوانوں نے ارتھی کو کندھا دیا۔

سب سے خاص بات یہ رہی کہ اس وقت رمضان کے روزے جاری ہیں اس کے باوجود ارشاد ، ذیشان ، فرمان انیس اور منیم سمیت کئی مسلم نوجوان ارتھی کو باری باری کندھا دیتے ہوئے تقریباً 2.25 کلو میٹر پیدل چل کر سورج کنڈ شمشان گھاٹ تک پہنچے۔آخری یاترا کے دوران ایک طرف رام نام ستیہ ہے کی آواز گونج رہی تھی جبکہ مسلم بھائی دعا کرتے ہوئے ساتھ چل رہے تھے۔ یہ منظر دیکھ کر آس پاس کے لوگ بھی جذباتی ہو گئے۔

سورج پرکاش کی آخری رسومات ہندو رسم و رواج کے مطابق ادا کی گئیں جس کی مکھاگنی کمل بھڑانا نے دی۔ کمل نے بتایا کہ سورج پرکاش کے بھتیجے سنجے کنگرکھیڑا میں رہتے ہیں لیکن کام کے سلسلے میں باہر ہونے کی وجہ سے وہ آخری رسومات میں شریک نہیں ہو سکے۔اس واقعہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ انسانیت اور باہمی بھائی چارہ کسی بھی مذہب سے بڑا ہوتا ہے۔ نوگجا محلے کے لوگوں نے اپنے اس عمل سے سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کی خوبصورت مثال پیش کی ہے۔