ترون نندی۔ کولکتہ
مالدہ ضلع کے شمسی علاقے کے بھگوان پور گاؤں میں مذہبی ہم آہنگی اور انسانیت کی ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے جس نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ایک 85 سالہ ہندو خاتون کی آخری رسومات میں مسلمان امام نے شریک ہوکر نہ صرف غمزدہ خاندان کا ساتھ دیا بلکہ مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر انسانیت کا پیغام بھی دیا۔مقامی ذرائع کے مطابق رتوا اول بلاک کے بھگوان پور گاؤں کی 85 سالہ منگلا پرمانک نے عمر رسیدگی کے باعث آخری سانس لی۔ وہ کافی عرصہ قبل اپنے شوہر سے محروم ہو چکی تھیں اور ان کے بچے بھی ہیں۔ منگلا دیوی کے انتقال کی خبر ملتے ہی ان کے مسلمان پڑوسی منصور رحمان اور صدام حسین نے ان کی آخری رسومات میں مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
منصور رحمان پیشے کے اعتبار سے مسجد کے امام اور استاد ہیں۔ عربی ادب میں ایم اے کی تعلیم کے دوران طلائی تمغہ حاصل کرنے والے منصور رحمان منگلا دیوی کی موت کی اطلاع ملتے ہی بغیر کسی ہچکچاہٹ کے شمشان گھاٹ پہنچے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے ان کی آخری آرام گاہ تیار کی اور آخری رسومات میں خاندان کے ساتھ کھڑے رہے۔
مقامی نوجوان صدام حسین نے بھی اس موقع پر انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگلا دیوی کی میت کو شمشان گھاٹ پہنچانے میں مدد کی۔ غم کی اس گھڑی میں دونوں نوجوانوں کی موجودگی نے سوگوار خاندان کو یہ احساس دلایا کہ مشکل وقت میں مذہبی شناخت سے زیادہ انسانی رشتہ اہم ہوتا ہے۔
📌#Watchঃ শেষ বিদায়ের মুহূর্তে ধর্মের দেওয়াল নয়, সামনে এল মানবিকতা। হিন্দু প্রতিবেশীর শেষকৃত্যে পাশে দাঁড়িয়ে বিরল সম্প্রীতির নজির গড়লেন মুসলিম ইমাম মনসুর। তাঁর এই মানবিক উদ্যোগ মনে করিয়ে দিল—মৃত্যুর কাছে ধর্ম নয়, মানুষই সবার আগে।#ImamMansur #CommunalHarmony… pic.twitter.com/3niYm2J21f
— Awaz - The Voice Bangla (@AwazBangla) September 2, 2026
مولانا منصور رحمان نے کہا کہ مصیبت کے وقت کسی انسان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی اصل دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک پڑوسی کی حیثیت سے اپنا فرض ادا کیا اور اس موقع پر مذہبی اختلاف کو کوئی اہمیت نہیں دی۔منگلا دیوی کے بہنوئی کے بیٹے ببلو پرمانک نے کہا کہ منصور اور صدام نے جس طرح ان کے خاندان کا ساتھ دیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق اس طرح کا تعلق گاؤں میں موجود باہمی محبت اور ہم آہنگی کی علامت ہے اور خاندان دونوں نوجوانوں کا ہمیشہ شکر گزار رہے گا۔

بھگوان پور میں پیش آنے والے اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا ہے کہ انسانیت کی کوئی مذہبی سرحد نہیں ہوتی۔ خوشی ہو یا غم اور خاص طور پر زندگی کے آخری سفر میں کسی ضرورت مند کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حقیقی انسانیت ہے۔ مذہبی شناختیں الگ ہو سکتی ہیں لیکن محبت اور ہمدردی انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ منگلا دیوی کی آخری رسومات کے موقع پر منصور رحمان اور صدام حسین کی موجودگی اسی انسانی رشتے کی ایک خوبصورت مثال بن گئی۔