کشمیر: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 20سال بعد ملک کی ممتاز یونیورسٹیز میں شامل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2025
کشمیر:  اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 20سال بعد  ملک کی ممتاز یونیورسٹیز میں شامل
کشمیر: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 20سال بعد ملک کی ممتاز یونیورسٹیز میں شامل

 



احسان فضلی/سرینگر

اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(IUST)، اونتی پورہ ، دو دہائیوں میں بھارت کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں شامل ہوئی ہے ،گزشتہ بیس برسوں میں، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(IUST)، اونتی پورہ نے بھارت کی نمایاں یونیورسٹیوں میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ ادارہ جاتی اختراعاتی کونسل(IIC) نے یونیورسٹی کو مسلسل تین سالوں سے فور اسٹار گریڈنگ سے نوازا ہے۔حالیہ برسوں میں، جموں و کشمیر کی پہلی اسلامی یونیورسٹی نے خود کو صرف تدریسی ادارہ ہونے سے آگے بڑھا کر تحقیقی و کاروباری ادارے کے طور پر منوایا ہے۔

آواز-دی وائس سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے بتایا کہ ہم کاروباری خیالات کو فروغ دے رہے ہیں اور اب تک ہمیں 120 جدت پر مبنی خیالات موصول ہوئے، جن میں سے 20 خیالات کو یونیورسٹی کے مرکز نے معاونت فراہم کی ہے۔IUST کا خوبصورت کیمپس 205 ایکڑ پر محیط ہے، جو واستوروان پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے اور دریائے جہلم کے کنارے، اونتی پورہ قصبے میں آباد ہے، جو سرینگر سے 28 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں واقع ہے۔یہ قصبہ صدیوں پرانے معروف صوفی بزرگ سید حسن منطقیؒ کے مزار کے لیے بھی مشہور ہے اور اس کا نام قدیم حکمران اونتی ورمن (855-883 عیسوی) کے نام پر رکھا گیا ہے۔

پروفیسر رومشو نے بتایاکہ  ہم تیزی سے ترقی کرتی ہوئی یونیورسٹی ہیں۔ آج ہم 78 تعلیمی پروگرامز پیش کرتے ہیں، جو چار سال قبل کے مقابلے میں دوگنا ہیں۔ان کے مطابق، یونیورسٹی کا بنیادی ڈھانچہ بھی ناقابلِ یقین حد تک بہتر بنایا گیا ہے، جس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔جب کہ ملک کی کئی یونیورسٹیاں مشکلات سے دوچار ہیں، IUST نے رواں برس داخلوں میں 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔اس سال 1679 طلبہ نے مختلف پروگرامز میں داخلہ لیا، جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 1050 تھی۔

پروفیسر رومشو نے بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی 2020(NEP-2020) کے تحتIUST کے پروگرامز میں نوجوانوں میں اختراع اور کاروبار کے رجحان کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے یونیورسٹی نے سنٹر فار انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ(CIED) قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اس شعبہ کا آغاز 2 کروڑ روپے کے فنڈ سے کیا تھا، جو تین سال میں بڑھ کر 16 کروڑ روپے ہو گیا۔کلام اکیڈمی آف اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ کے ذریعےIUST نے اسٹارٹ اپس کے لیے ہنر اور تربیت فراہم کی ہے۔یونیورسٹی کے کریڈٹ میں 77 پیٹنٹس اور 2391 تحقیقی اشاعتیں ہیں۔

پروفیسر رومشو نے کہاکہ"CIED کا بنیادی فلسفہ نوجوانوں کی سوچ کو جدت اور کاروبار کی طرف موڑنا ہے، کیونکہ اس خطے کو بے روزگاری کا شدید مسئلہ درپیش ہے۔ مرکز نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کو ایک مربوط نظام کے تحت اختراعات اور کاروباری مواقع کا ماحول فراہم کیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ مرکز نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، انہیں تنقیدی، متبادل، اور تخلیقی سوچ سکھاتا ہے، تاکہ وہ عملی تجربات کے ذریعے اپنے خوابوں کی تعبیر پا سکیں۔"قابلِ ذکر ہے کہ پروفیسر شکیل احمد رومشو نے اگست 2021 میںIUST کے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالا۔اس سے قبل وہ کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات سے منسلک تھے اور وہاں ڈین ریسرچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

انہیں تقریباً 37 سالہ علمی تجربہ حاصل ہے۔انہوں نے ٹوکیو یونیورسٹی، جاپان سے واٹر ریسورسز انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی، اور ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، بینکاک سے ریموٹ سینسنگ اور جی آئی ایس میں ایم ایس کیا ہے۔وہ جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی(JAXA) ٹوکیو میں سائنسدان اور ٹاٹا انرجی اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(TERI)، نئی دہلی میں فیلو کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات مل چکے ہیں۔ان کی تحقیق کا مرکز آبیات، گلشیرات اور ماحولیاتی تبدیلی ہے۔انہوں نے اب تک 26 پی ایچ ڈی طلبہ کی رہنمائی کی ہے اور 270 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں۔

تحقیقی میدان میں یونیورسٹی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں IUST نے 260 پی ایچ ڈی ڈگریاں مختلف شعبہ جات میں دی ہیں، جب کہ اس سے قبل صرف 16 ڈگریاں دی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی کو تدریسی ادارے سے تحقیقی مرکز میں تبدیل کر رہے ہیں اور اب ہم ملک کی اعلیٰ ترین جامعات میں شامل ہیں۔IUST کو انسٹی ٹیوشن انوویشن کونسل(IIC) کی طرف سے 2023-2025 تک مسلسل تین سال فور اسٹار درجہ دیا گیا، جب کہ 2022 میں یونیورسٹی کو تھری اسٹار اور اس سے قبل ٹو اسٹار کی درجہ بندی ملی تھی۔مین کیمپس کے علاوہ یونیورسٹی کے پانچ ذیلی کیمپس بھی ہیں، جن میں سے ایک سرینگر میں واقع ہے۔