کرتارپور:75سال بعد ملے دو بچھڑے ہوئےخاندان،ایک سکھ اور دوسرا مسلمان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2023
کرتارپور:75سال بعد ملے دو بچھڑے ہوئےخاندان،ایک سکھ اور دوسرا مسلمان
کرتارپور:75سال بعد ملے دو بچھڑے ہوئےخاندان،ایک سکھ اور دوسرا مسلمان

 

 

نئی دہلی: سرحدیں لاکھ بن جائیں مگر انسانی رشتوں پر بند باندھنا ممکن نہیں ہے۔ کرتارپور گردوارہ کی راہداری نے کئی بار اس حقیقت کو واضح کیا ہے۔ پچھترسال پہلے برصغیر میں تقسیم کی ایک لکیر کھینچی گئی تھی جس نے بہت سے انسانی مسائل کو جنم دیا تھا جس کےاثرات آج بھی دکھائی پڑتے ہیں۔ بہت سے خاندان بھی بچھڑے تھے جن میں سے کچھ کا دوبارہ ملن ہوا مگر بہت سے آج بھی اپنوں سے ملنے کو ترس رہے ہیں۔ ایک تازہ واقعہ روشنی میں آیا ہے۔ 1947 میں، دو سکھ بھائیوں کے خاندان بچھر گئے تھے مگر اب تقریبا پچھتر سال بعد کرتار پور راہداری پر ان کا ملاپ ہوا ہے۔

ایک ہی قبیلے کے دو خاندانوں کے جذباتی ملاپ کے مناظر نے کئی آنکھوں میں آنسو بھر دیئے۔ ملنے والوں نے ایک دوسرے پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں اور آنسو بہائے۔ 75 سال بعد دونوں خاندانوں کی یہ ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ممکن ہوئی۔ کرتارپور راہداری میں 75 سال بعد ایک ہی قبیلے کے دو خاندان ملے۔ گرودیو سنگھ اور دیا سنگھ کے خاندان 4 مارچ 2023 کو دوبارہ ملاپ کے لیے کرتار پور راہداری پر پہنچے۔ گوردوارہ دربار صاحب، کرتارپور صاحب میں خاندانی ملاپ کے جذباتی مناظر سامنے آئے، جہاں انہوں نے گانے گائے اور خوشی کا اظہار کرنے کے لیے ایک دوسرے پر پھول برسائے۔

دونوں بھائیوں کا تعلق ہریانہ سے تھا اور تقسیم کے وقت اپنے مرحوم والد کے دوست کریم بخش کے ساتھ مہندر گڑھ ضلع کے گوملا گاؤں میں رہتے تھے۔ تقسیم کے وقت ایک بھائی پاکستان چلا گیا جبکہ دوسرا ہندوستان میں رہا۔ 1947 میں ہندوستان اور پاکستان کی تقسیم کے دوران، بڑا بھائی گرودیو سنگھ، کریم بخش کے ساتھ پاکستان چلا گیا، جب کہ چھوٹا دیا سنگھ ہریانہ میں اپنے ماموں کے پاس رہا۔ پاکستان پہنچنے کے بعد، کریم بخش لاہور سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر پاکستانی صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ چلے گئے، اور انہیں گوردیو سنگھ کی جگہ ایک مسلم نام غلام محمد دیا گیا۔

گرودیو سنگھ کا چند سال قبل انتقال ہو گیا تھا۔ گرودیوعرف غلام محمد کے بیٹے محمد شریف نے میڈیا کو بتایا کہ برسوں سے ان کے والد نے اپنے بھائی دیا سنگھ کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کے لیے ہندوستانی حکومت کو خطوط لکھے تھے۔ گرودیو کے بیٹے محمد شریف نے کہا کہ 6 ماہ قبل ہم سوشل میڈیا کے ذریعے چاچا دیا سنگھ کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد دونوں خاندانوں نے دوبارہ ملاپ کے لیے کرتار پور صاحب پہنچنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ یہاں ان کے خاندان کے افراد کو ویزا فراہم کرے تاکہ وہ ہریانہ میں اپنے آبائی گھر جا سکیں۔ جس کے بعد تقسیم کے دوران الگ ہونے والے دونوں بھائی 75 سال بعد 2022 میں کرتار پور راہداری پر دوبارہ اکٹھے ہوئے۔ پاکستان کے 80 سالہ محمد صدیق اور ہندوستان کے 78 سالہ حبیب کی ملاقات جنوری 2022 میں کرتار پور راہداری پر ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا کی مدد سے وہ دوبارہ مل سکے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ کرتار پور کوریڈور پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گوردوارہ دربار صاحب کو جوڑتا ہے، جو سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو کی آخری آرام گاہ ہے۔