جھاڑو سے آغاز۔ گرام سیوک تک کا سفر۔ اسلم حسین شیخ نے بدل دی ایک گاؤں کی تقدیر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2026
جھاڑو سے آغاز۔ گرام سیوک تک کا سفر۔ اسلم حسین شیخ نے  بدل دی ایک گاؤں کی تقدیر
جھاڑو سے آغاز۔ گرام سیوک تک کا سفر۔ اسلم حسین شیخ نے بدل دی ایک گاؤں کی تقدیر

 



بھکتی چالک

چھترپتی شیواجی مہاراج نے ساڑھے تین سو برس قبل جُنر کی سرزمین سے ایسی حکمرانی اور قیادت کی بنیاد رکھی جس کی مثال آج بھی دی جاتی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود۔ پانی کے وسائل کا دانشمندانہ انتظام۔ مقامی وسائل کا مؤثر استعمال۔ اور عوامی شمولیت ان کے طرز حکمرانی کے نمایاں ستون تھے۔اسی تاریخی ورثے سے تحریک لیتے ہوئے ایک عام انسان نے انہی اصولوں کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق عملی شکل دی اور اپنے گاؤں کی تقدیر بدلنے کا بیڑا اٹھایا۔ گرام پنچایت میں چپڑاسی کی حیثیت سے جھاڑو ہاتھ میں لے کر اپنی ملازمت کا آغاز کرنے والے اسلم حسین شیخ نے عزم۔ محنت اور دیانت داری کے بل پر ٹھیکےکرواڑی کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا اور اسے قومی سطح پر ایک مثالی گاؤں کے طور پر پہلی پوزیشن دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بچپن ہی میں والدین کا سایہ اٹھ گیا

اسلم حسین شیخ ایک نہایت سادہ گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے نارائن گاؤں کی ضلع پریشد اسکول سے پہلی سے ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد آٹھویں سے دسویں جماعت تک کی تعلیم گرووریہ راجارام پرشورام سبنیس ودیامندر میں مکمل کی۔1982 میں جب وہ صرف آٹھویں جماعت کے طالب علم تھے تو ان کے والدین کا اچانک انتقال ہوگیا۔ اس ناگہانی سانحے نے ان کی پوری زندگی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ لیکن گاؤں والوں نے انہیں تنہا نہیں چھوڑا۔ مرحومہ بھاگوبائی شیلار۔ بھامابائی والکے۔ اور ان کے خاندان نے اسلم کی پرورش اور دیکھ بھال کی۔

انہی لوگوں کی بدولت اسلم اپنی دسویں جماعت کی تعلیم مکمل کر سکے۔ اس پورے سفر کے دوران ان کی بہن بیبی جان انعامدار نے بھی والدین کا کردار ادا کیا اور ان کی تعلیم سمیت تمام ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اٹھائیں۔1984 میں دسویں جماعت پاس کرنے کے بعد اسلم کے سامنے روزگار کا بڑا مسئلہ کھڑا تھا۔ انہوں نے وارول واڑی گرام پنچایت میں چپڑاسی کی حیثیت سے ملازمت شروع کی۔ اس زمانے میں کرشی رتن ایوارڈ یافتہ انیل مہیر نے انہیں پہلی مرتبہ چپڑاسی کے طور پر کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔

ملازمت کے ساتھ ساتھ اسلم نے تعلیم کا سلسلہ ترک نہیں کیا۔ اگلے دو برس کے دوران انہوں نے مانجری فارم کے زرعی اسکول سے زرعی ڈپلومہ خصوصی امتیاز کے ساتھ مکمل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے مانچر کالج سے بیرونی طالب علم کی حیثیت سے بارہویں جماعت کا امتحان بھی کامیابی سے پاس کیا۔1988 میں ان کی شادی شمیم شیخ سے ہوئی۔ شمیم نے اسلم کی زندگی سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن بدقسمتی سے ڈینگی کی بیماری کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔ بعد ازاں اسلم نے بسم اللہ شیخ سے شادی کی۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کی تمام کامیابیوں میں بسم اللہ کا بہت بڑا حصہ ہے۔ اس وقت ان کے ایک بیٹے ساجد اور ایک بیٹی ممتاز ہیں اور دونوں شادی شدہ ہیں۔

رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے گرام سیوک بننے تک

اسی دوران حکومت نے صفر بنیاد بجٹ نافذ کیا جس کے باعث پورے مہاراشٹر میں سرکاری ملازمتوں پر پابندی لگ گئی۔ زرعی ڈپلومہ میں خصوصی امتیاز حاصل کرنے کے باوجود اسلم کو ملازمت نہیں مل سکی۔بالآخر 1989 میں نارائن گاؤں گرام پنچایت میں ان کی بطور کلرک تقرری ہوئی۔ 1989 سے 2006 تک انہوں نے وہاں کلرک اور بعد میں سینئر کلرک کی حیثیت سے نہایت دیانت داری اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

گرام سیوک بننے کا خواب ہوا پورا

سال 2006 میں اسلم حسین شیخ کی زندگی میں ایک اہم موڑ آیا۔ پونے ضلع پریشد نے گرام پنچایت کے ملازمین کے لیے 10 فیصد کوٹے کے تحت کنٹریکٹ پر گرام سیوک کی بھرتی کا اعلان کیا۔ اسلم نے اپنے زرعی ڈپلومہ کی بنیاد پر اس امتحان میں حصہ لیا۔ انہوں نے پورے مہاراشٹر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گرام سیوک کے عہدے پر منتخب ہوئے۔

اس کے بعد انہوں نے جُنر تعلقہ کی آپٹالے۔ نرگڈے۔ آمبے گواں۔ روہوکڑی۔ اور ٹھیکےکرواڑی سمیت مختلف گرام پنچایتوں میں خدمات انجام دیں اور اپنی محنت اور دیانت داری سے الگ شناخت قائم کی۔ٹھیکےکرواڑی کو "اُرجا سوراج" میں ملک کا نمبر ایک گاؤں بنا دیا۔2021 میں اسلم شیخ نے ٹھیکےکرواڑی گرام پنچایت کا چارج سنبھالا۔ ان کی آمد کے بعد گاؤں کی ترقی کو نئی رفتار ملی۔ ان کے دور میں گاؤں نے گرام اُرجا سوراج خصوصی پنچایت ایوارڈ 2023 کے تحت پورے ہندوستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور ایک کروڑ روپے کے انعام کا حق دار بنا۔

اس ایوارڈ کی تقریب نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہوئی۔ اس باوقار تقریب میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ٹھیکےکرواڑی کے مثالی سرپنچ سنتوش ٹھیکےکر۔ گرام سیوک اسلم شیخ۔ اور گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر شرد چندر مالی کو اعزازی سند۔ یادگاری نشان۔ اور ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کرکے قومی سطح پر اعزاز سے نوازا۔جب یہ تینوں اعزاز حاصل کرکے اپنے گاؤں واپس پہنچے تو پورا ٹھیکےکرواڑی جشن میں ڈوب گیا۔ روایتی ساز بجائے گئے۔ آتش بازی کی گئی۔ خواتین کے تالی دستوں نے ان کا استقبال کیا اور گاؤں میں تاریخی فتح کا جشن منایا گیا۔

سرپنچ نے کیا خراج تحسین پیش

ٹھیکےکرواڑی کے سرپنچ سنتوش ٹھیکےکر نے اسلم شیخ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا۔"ہم نے کئی برس اسلم چاچا کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ ہمیشہ پوری دیانت داری سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ وہ ہر کام میں بہترین تعاون کرتے ہیں اور ہمیں ان کا بھرپور ساتھ ملا ہے۔"

ترقی کی نئی مثال

اسلم شیخ کے دور میں ٹھیکےکرواڑی نے ترقی کی ایک نئی مثال قائم کی۔ صرف 189 سے 190 خاندانوں پر مشتمل اس چھوٹے سے گاؤں کو اسلم شیخ اور سرپنچ سنتوش ٹھیکےکر نے مل کر ایک جدید اور مثالی گاؤں میں تبدیل کر دیا۔ ان کے دور میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے جنہوں نے گاؤں کی شناخت بدل کر رکھ دی۔

اسلم شیخ کے دور کے نمایاں ترقیاتی اقدامات

ٹھیکےکرواڑی میں اسلم شیخ اور سرپنچ سنتوش ٹھیکےکر نے مل کر کئی ایسے منصوبے شروع کیے جنہوں نے گاؤں کو ترقی کی نئی راہ دکھائی۔

100 فیصد شمسی توانائی کا استعمال

گاؤں کے تمام خاندانوں کو شمسی توانائی کے استعمال کے لیے خصوصی سرکاری امداد فراہم کی گئی۔ آج گاؤں کے ہر گھر میں گرم پانی کے لیے سو فیصد سولر واٹر ہیٹر استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اپنی بجلی خود پیدا کرنے والا گاؤں

گاؤں میں شمسی توانائی کے پلانٹ۔ بایو گیس پلانٹ۔ اور ہوا سے چلنے والی پن چکیوں کے ذریعے تقریباً 10000 واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں گاؤں کا بجلی کا بل تقریباً صفر ہو گیا ہے۔

زرعی زمین کی مکمل پیمائش

ٹھیکےکرواڑی شاید مہاراشٹر کا پہلا گاؤں ہے جہاں تمام زرعی اراضی کی سرکاری پیمائش مکمل کرائی گئی۔

100 فیصد ڈرپ آبپاشی

محکمہ زراعت کے تعاون سے گاؤں کے تمام کسانوں کو ڈرپ آبپاشی کا نظام اپنانے کی ترغیب دی گئی اور آج تقریباً پوری زرعی زمین اس جدید طریقۂ آبپاشی سے سیراب ہو رہی ہے۔

مٹی کی صحت کی جانچ

زمین میں غذائی اجزا کی کمی معلوم کرنے کے لیے مٹی کی جانچ کا خصوصی منصوبہ شروع کیا گیا۔ اس کا فائدہ آج بھی کسانوں کو حاصل ہو رہا ہے۔

45 سے زیادہ اعزازات سے سرفراز

بہترین منصوبہ بندی اور مؤثر انتظام کے باعث ٹھیکےکرواڑی گرام پنچایت اب تک 45 سے زائد چھوٹے بڑے اعزازات حاصل کر چکی ہے۔سنت گاڈگے بابا گرام صفائی مہم کے تحت گاؤں کو مہاراشٹر میں پہلی پوزیشن کا اعزاز ملا۔ اس کے علاوہ ملک کے باوقار قومی گورو گرام مقابلہ ایوارڈ میں کامیابی حاصل کرکے ٹھیکےکرواڑی کو ہندوستان کی نمبر ایک گرام پنچایت قرار دیا گیا۔

سماجی ہم آہنگی پر اسلم شیخ کا مؤقف

اسلم شیخ جتنے فرض شناس سرکاری ملازم ہیں اتنے ہی ذمہ دار شہری بھی ہیں۔ موجودہ سماجی حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں۔ کہ آج کل سماجی تقسیم پیدا کرنے کی عجیب و غریب کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پہلے ایسا ماحول نہیں تھا۔ لوگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارے سے رہتے تھے۔ ہمارے نارائن گاؤں کی یہی سب سے بڑی پہچان ہے۔وہ مزید کہتے ہیں کہ "میں نے بچپن سے لے کر آج تکیہاں کبھی مذہبی کشیدگی کا کوئی واقعہ نہیں دیکھا۔ ہم سب تمام تہوار مل جل کر مناتے ہیں۔ میں 10 برس تک مہاسرودے گنیش اتسو منڈل کا سیکریٹری اور مزید 10 برس نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہوں۔اپنی پوری زندگی کے تجربات کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے اسلم شیخ آخر میں ایک اہم پیغام دیتے ہیں۔"اگر ہم سب ایک دل اور ایک جان ہو کر رہیں گے تو ہی ہمارا ملک ترقی کرے گا۔ اتحاد ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔