آسام: ڈاکٹر روبل احمد،کررہے ہیں مرحوم والدین کی یاد میں غریبوں کو مفت علاج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2026
آسام: ڈاکٹر روبل احمد , کررہے ہیں مرحوم والدین کی یاد میں غریبوں کو مفت علاج
آسام: ڈاکٹر روبل احمد , کررہے ہیں مرحوم والدین کی یاد میں غریبوں کو مفت علاج

 



عارف الاسلام | گوہاٹی

ایک ایسے دور میں جب بڑھتے ہوئے طبی اخراجات اور مہنگی ادویات عام لوگوں کے لیے علاج کو مشکل بنا رہے ہیں، آسام کے ایک ڈاکٹر نے انسان دوستی اور خدمت کی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے ڈاکٹر روبل احمد اپنے مرحوم والدین کی یاد میں غریب اور نادار مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں، جس سے سینکڑوں خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر روبل احمد اس وقت بونگائی گاؤں سول اسپتال میں بطور معالج خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کی کہانی کی خاص بات یہ ہے کہ جو خواب انہوں نے اسکول کے زمانے میں ’’زندگی کا مقصد‘‘ کے عنوان سے مضمون میں لکھا تھا، آج وہی حقیقت بن چکا ہے۔اپنے طالب علمی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد کہتے ہیں جب بھی میں ہائی اسکول میں زندگی کے مقصد پر مضمون لکھتا تھا تو ہمیشہ ڈاکٹر بننے کی خواہش کا ذکر کرتا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھتا تھا کہ میں انسانیت کی خدمت کروں گا، غریبوں کو مفت علاج فراہم کروں گا اور اپنے پیشے کے ذریعے لوگوں کی مدد کروں گا۔ آج جب میں یہ کام کر رہا ہوں تو بے حد اطمینان اور جذباتی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ میری والدہ بھی مجھے ڈاکٹر بنتے دیکھنا چاہتی تھیں۔"

ہر جمعرات کو سرکاری فرائض مکمل کرنے کے بعد وہ دھنتولا بازار، بونگائی گاؤں میں واقع آسام میڈیسن سینٹر میں مفت طبی کیمپ لگاتے ہیں، جہاں مریضوں کو بلا معاوضہ مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس انسان دوست مہم میں ایک رضاکار تنظیم درشتی بھی ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

ہر طبی کیمپ میں 50 سے 80 مریض مستفید ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ماج گاؤں میں بونگائی گاؤں میڈیکل کالج کے قریب واقع اپنے کلینک میں بھی وہ روزانہ 15 سے 20 مریضوں کو مفت مشورہ دیتے ہیں۔ صرف فیس ہی معاف نہیں کی جاتی بلکہ تشخیصی ٹیسٹوں پر 20 فیصد اور ادویات پر 10 فیصد رعایت بھی دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر احمد نے ’’آواز دی وائس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میرا تعلق بونگائی گاؤں کے سترا علاقے سے ہے۔ اسی علاقے کے لوگوں کی محبت، دعاؤں اور تعاون کی بدولت میں ڈاکٹر بن سکا۔ چونکہ میں مالی طور پر ہر شخص کی مدد نہیں کر سکتا، اس لیے اپنے پیشے کے ذریعے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ غریب افراد کو معیاری طبی سہولتیں مفت میسر ہوں۔ میں نے یہ خدمت اپنے مرحوم والدین کے نام منسوب کی ہے اور زندگی بھر جاری رکھوں گا۔"

ڈاکٹر روبل احمد کی زندگی خود جدوجہد اور مشکلات کی داستان ہے۔ کم عمری میں والد کے انتقال کے بعد ان کی والدہ نے سخت حالات میں ان کی پرورش اور تعلیم کا بندوبست کیا۔ کچھ عرصہ قبل وہ اپنی والدہ سے بھی محروم ہو گئے۔پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں طالب علمی کے دوران بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ جب انہوں نے ہائر سیکنڈری امتحان دیا تو ان کے گھر میں بجلی تک موجود نہیں تھی۔ یہی ذاتی تجربات انہیں دیہی آسام کے غریب لوگوں کے مسائل کو سمجھنے اور ان کی مدد کرنے کی تحریک دیتے ہیں۔اپنے پیشہ ورانہ سفر کے بارے میں وہ بتاتے ہیں کہ "میں نے 2014 میں گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال سے ایم بی بی ایس مکمل کیا۔ اس کے بعد نیم کیئر اسپتال میں چیف ایمرجنسی میڈیکل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت ضلع دھوبری کے ایک سرکاری اسپتال میں کام کیا اور جنوری 2021 میں بونگائی گاؤں سول اسپتال میں شامل ہوا، جہاں آج بھی خدمات انجام دے رہا ہوں۔"

ڈاکٹر احمد کے نزدیک طب صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کی خدمت کا ایک وسیلہ ہے۔"اگر ہم ساری زندگی صرف دولت کمانے کے پیچھے دوڑتے رہیں تو پھر لوگوں کے لیے کب کام کریں گے؟ میں صرف اپنی طبی مہارت کو دوسروں کی بھلائی کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہوں۔ جو رقم مریض فیس میں بچاتے ہیں، وہ بہتر ادویات خریدنے پر خرچ کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی انتہائی غریب مریض میرے پاس آئے تو میں اپنی جیب سے بھی اس کے لیے دوائیں خریدنے کو تیار ہوں۔"

یہ قابلِ ذکر ہے کہ ڈاکٹر احمد نے یہ مہم اپنے مرحوم والد رحمان الدین احمد اور والدہ رپجان بیگم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شروع کی تھی۔ ان کی یہ کاوش دھنتولا اور اطراف کے سات سے آٹھ دیہات کے سینکڑوں غریب خاندانوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن چکی ہے۔مقامی لوگوں نے ڈاکٹر روبل احمد کی بے لوث خدمات کو بھرپور سراہا ہے اور ان کی انسان دوستی، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو معاشرے کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔