مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دینی امور کی جنرل پریزیڈینسی نے حج 1447 ہجری 2026 کے لیے جامع آپریشنل منصوبہ جاری کر دیا ہے۔ اس منصوبے میں 150 سے زائد مختلف اقدامات شامل ہیں اور اس سال مذہبی پیغام کو دنیا کی 60 زبانوں میں پہنچانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔عاجل نیوز اور الاخباریہ کے مطابق حرمین شریفین کے دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مکہ مکرمہ میں منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو مکمل رہنمائی کے ساتھ متنوع دینی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
.webp)
.webp)
انہوں نے کہا کہ پہلی بار عازمین کی خدمت رہنمائی اور ان کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے چوبیس گھنٹے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔ جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے حرمین شریفین سے اعتدال اور میانہ روی کا پیغام بھی مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس آپریشنل منصوبے میں معیاری آگاہی پروگراموں کو ایک مربوط نظام کے تحت شامل کیا گیا ہے تاکہ زائرین کے مذہبی اور فکری تجربے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے واضح کیا کہ عازمین حج کو خدمات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
.webp)
پہلی بار جدید الیکٹرانک نظام متعارف
اس نظام کے ذریعے منیٰ کے کیمپوں میں عازمین کی آمد و رفت کی نگرانی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد حج کے دوران ہجوم کو بہتر طریقے سے منظم کرنا اور عازمین کو زیادہ محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔
وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ کے مطابق یہ نیا نظام کیمپ کی سطح پر عازمین کے داخلے اور خروج کو منظم کرے گا اور اس سے انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی۔ حج کے دوران اس نوعیت کے نظام کا یہ پہلا استعمال ہے۔
ادھر حرمین شریفین کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ حج 1447 ہجری کے آپریشنل پلان کے تحت جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے 60 زبانوں میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ سہولیات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ دونوں میں دستیاب ہوں گی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین کو آسانی ہو۔
Surah Al-Burūj | Ayah 1 - 22 | Sheikh Maher Al Muayqili pic.twitter.com/XQAMupefOY
— 𝗛𝗮𝗿𝗮𝗺𝗮𝗶𝗻 (@HaramainInfo) April 23, 2026
انہوں نے کہا کہ اس سال حج میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ایک بڑی پیش رفت ہے جو سعودی عرب کے سال برائے مصنوعی ذہانت کے اہداف کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی عازمین کے لیے مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے، ہجوم کو کم کرنے اور ایک پرسکون ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
حکام کے مطابق حالیہ برسوں میں حج کے دوران مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑھایا گیا ہے لیکن 1447 ہجری کا منصوبہ اب تک کا سب سے جامع نظام ہے جس کے ذریعے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مسجد الحرام میں طواف اور سعی کے لیے لائیو کراؤڈ ٹریکر سروس متعارف
مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے طواف اور سعی کے مقامات پر رش کی صورتحال دکھانے کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے جس کے ذریعے زائرین حقیقی وقت میں ہجوم کی شدت کا اندازہ لگا سکیں گے۔
اس جدید نظام میں رنگوں کی مدد سے مختلف مقامات پر رش کی کیفیت ظاہر کی جاتی ہے جہاں ہلکا درمیانہ اور زیادہ رش واضح طور پر دکھایا جاتا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے زائرین اپنی عبادات کے لیے بہتر وقت اور جگہ کا انتخاب کر سکیں گے۔
اتھارٹی کے مطابق اس سروس کا مقصد زائرین کی نقل و حرکت کو متوازن بنانا انتظار کے وقت کو کم کرنا اور ہجوم کے بہاؤ کو منظم رکھنا ہے تاکہ عبادات زیادہ سکون اور آسانی کے ساتھ ادا کی جا سکیں۔
یہ سروس اتھارٹی کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہے اور خاص طور پر عمرہ کے مصروف سیزن اور زیادہ رش کے اوقات میں انتہائی مفید ثابت ہوگی جب طواف اور سعی کے مقامات پر زائرین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی اور لائیو ڈیٹا کے استعمال کا حصہ ہے جس کا مقصد زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور عبادت کے تجربے کو مزید خوشگوار بنانا ہے۔