پونے:مہاراشٹر کے بھنڈار پور میں واقع مشہور وِٹل مندر میں کام کرنے والے ایک مسلمان شخص نے اپنی عقیدت اور انسانیت سے ملک بھر کے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ لاتور کے رہائشی غنی سید نے آشادھی ایکادشی کے مقدس موقع پر بھگوان وٹل کو اپنی محنت کی کمائی سے ایک کلو چاندی کا تاج پیش کیا، جس کی مالیت ایک لاکھ روپے ہے۔ ان کے اس جذبۂ عقیدت کو مندر انتظامیہ اور تمام مذاہب کے لوگوں نے خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور اسے ہندو مسلم ہم آہنگی کی بے مثال مثال قرار دیا ہے۔
سرکاری طور پر شری وِٹل-رکمنی مندر کہلانے والا یہ تاریخی مندر مہاراشٹر کے پنڈار پور میں واقع ہے اور بھگوان وشنو کے اوتار وٹل اور ان کی اہلیہ رکمنی کو وقف ہے۔ سادگی، محنت اور بھائی چارے کا پیغام دینے والے غنی سید کے عمل کو نہ صرف مذہبی حلقوں بلکہ سماجی سطح پر بھی بے حد سراہا گیا ہے۔وٹل مندر کمیٹی کے نائب صدر گہنی ناتھ مہاراج نے اس نیک عمل پر غنی سید کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی عقیدت بھگوان کرشن کی محبت کی عکاس ہے۔ ان کا یہ اقدام ہندو مسلم اتحاد اور وارکاری روایت میں مساوات کی علامت بن گیا ہے۔
In a moving display of communal harmony, Gani Sayyad, a Muslim man from Latur, donated a silver crown worth ₹1 lakh to Lord Vitthal at Pandharpur during the ongoing Wari pilgrimage.
— The CSR Journal (@thecsrjournal) June 30, 2025
Sayyad, who has been working at the temple premises, developed deep spiritual devotion through… pic.twitter.com/eQp2cCCRqr
غنی سید پیشے سے مندر کی مرمت اور اس کی حفاظت کے لیے پتھر سپلائی کرنے کا کام کرتے ہیں۔ بار بار مندر کے درشن کے دوران ان کے دل میں وٹل مہاراج کے لیے گہری محبت پیدا ہوئی۔ اسی محبت کا ثبوت انہوں نے ایک کلو چاندی کا تاج چڑھا کر دیا۔ اس عقیدت کی خاص بات یہ ہے کہ یہ عظیم واقعہ اس وقت پیش آیا جب پورے علاقے میں پنڈر پور واری کے روحانی سفر کا سلسلہ جاری تھا۔اپنے جذبے کے بارے میں غنی سید نے کہا کہ میں مسجد میں نماز پڑھتا ہوں، لیکن وٹل مندر بھی مجھے اتنا ہی عزیز ہے جتنا میرے ہندو بھائیوں کو۔ ہمارا خدا، ہمارا ملک اور ہمارا مذہب سب ایک ہی ہیں۔
غنی سید کی یہ عقیدت ہمیں سنت تکارام اور مسلمان صوفی انگدشاہ بابا کی دوستی کی یاد دلاتی ہے۔ انگدشاہ بابا، جو مسلمان تھے، وٹل کے سچے عقیدت مند تھے اور سنت تکارام مہاراج کے ساتھ عقیدت کی راہ پر چلے۔ آج بھی یہ روایت پنڈار پور کی واری میں زندہ ہے، اور غنی سید نے اسی روایت کو اپنی محبت اور احترام سے آگے بڑھایا ہے۔آج جب سماج میں چند عناصر نفرت کے بیج بونے کی کوشش کرتے ہیں، غنی سید کا یہ عمل انسانیت اور بھائی چارے کے جذبے کو نئی زندگی عطا کرتا ہے۔عوام کی طرف سے غنی سید کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔ لوگوں نے انہیں سماجی مساوات اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دینے والے عظیم عقیدت مند قرار دیا ہے۔
وارکاری دھرم اور شری وٹل کو برابری اور اتحاد کی علامت مانا جاتا ہے۔ مختلف مذاہب کے لوگ وارکاری روایات میں شامل ہوکر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ لاتور کے غنی سید بھی اسی روایت کے علمبردار ہیں اور اس بات کا ثبوت ہیں کہ محبت اور عقیدت کسی ایک مذہب کی میراث نہیں، بلکہ سب کی مشترکہ میراث ہے۔