باسط زرگر ۔ سری نگر
: بین الاقوامی یومِ یوگا سے قبل ایک منفرد تقریب کے تحت جمعہ کو سری نگر کی خوبصورت پوکھری بل جھیل میں پہلی بار فلوٹنگ یوگا سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے قدرتی ماحول کے درمیان صحت و تندرستی کا منفرد تجربہ حاصل کیا۔اس خصوصی پروگرام کی قیادت معروف واٹر اسپورٹس کوچ بلقیس میر نے کی۔ انہوں نے جھیل میں موجود تیرتے ہوئے پلیٹ فارمز اور کشتیوں پر کھڑے اور بیٹھے شرکاء کو مختلف یوگا آسن کرائے۔


اس اقدام کا مقصد یوگا کو ایک جامع طرزِ زندگی کے طور پر فروغ دینا اور کشمیر کی قدرتی آبی گزرگاہوں کو صحت، تفریح اور ماحولیاتی شعور کے مراکز کے طور پر اجاگر کرنا تھا۔شرکاء نے جھیل کے پرسکون پانیوں کے درمیان یوگا کی مشقیں انجام دیں جس سے ایک دلکش اور منفرد منظر دیکھنے کو ملا۔ منتظمین کے مطابق اس فلوٹنگ یوگا سیشن کا مقصد جسمانی صحت اور ذہنی سکون کو یکجا کرتے ہوئے لوگوں کو فطرت کے قریب لانا تھا۔
اس موقع پر کوچ بلقیس میر نے کہا کہ یوگا اور پانی دونوں توازن، سکون اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منفرد پروگرام کا مقصد بالخصوص نوجوانوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور کھلے ماحول میں صحت بخش سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔یہ پروگرام 21 جون کو منائے جانے والے بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ شرکاء نے اس منفرد تجربے کو تازگی بخش اور روح پرور قرار دیا۔


اس کامیاب تقریب نے کشمیر میں فروغ پاتی ویلنَس اور ایڈونچر ٹورازم کی صنعت میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔ منتظمین نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں وادی کی جھیلوں میں فلوٹنگ یوگا ایک مستقل سرگرمی کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
