نان نفقہ خیرات یا احسان نہیں بلکہ قانونی حق ہے، بیوی کی کفالت قانونی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے: الہ آباد ہائی کورٹ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-08-2026
نان نفقہ خیرات یا احسان نہیں بلکہ بیوی کا قانونی حق ہے، بیوی کی کفالت قانونی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے: الہ آباد ہائی کورٹ
نان نفقہ خیرات یا احسان نہیں بلکہ بیوی کا قانونی حق ہے، بیوی کی کفالت قانونی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے: الہ آباد ہائی کورٹ

 



نئی دہلی : آواز دی وائس  

الہ آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ بیوی کی کفالت صرف شوہر کی قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ضمیر سے جڑی ایک اہم سماجی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ عدالت نے ایک فوجداری نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے خاندانی عدالت کے اس حکم کو برقرار رکھا جس کے تحت شوہر کو ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 125 کے تحت اپنی بیوی کو ہر ماہ 20 ہزار روپے نان نفقہ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ نان نفقہ خیرات یا احسان نہیں بلکہ ازدواجی رشتے سے پیدا ہونے والا قانونی حق ہے۔

دونوں فریقوں کی شادی 24 جولائی 2017 کو گوتم بدھ نگر ضلع کے تھانہ نالج پارک کے علاقے گاؤں تغلق پور میں ہندو رسومات کے مطابق ہوئی تھی۔ بیوی کی درخواست کے مطابق اس کے والد نے شادی پر بڑی رقم خرچ کی تھی اور اپنی مالی استطاعت کے مطابق جہیز بھی دیا تھا۔تاہم بیوی کا الزام تھا کہ شوہر اور اس کے اہل خانہ اس سے مطمئن نہیں تھے اور وہ مسلسل مزید جہیز کا مطالبہ کرتے رہے۔ ان کے مطالبات میں ایک سوئفٹ کار اور 100 مربع گز کا پلاٹ بھی شامل تھا۔ بیوی نے الزام لگایا کہ اسے مسلسل ہراساں کیا گیا۔ گالم گلوچ کی گئی۔ جسمانی تشدد کیا گیا اور دھمکیاں دی گئیں کہ شوہر دوسری شادی کر لے گا اور اسے سسرال میں نہیں رکھے گا۔

30 مارچ 2018 کو شوہر اور اس کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے محصور کر دیا۔ 2 اپریل 2018 کو وہ کسی طرح پولیس کو اطلاع دینے میں کامیاب ہوئی۔ پولیس اسے تھانے لے گئی تاہم الزام ہے کہ وہاں اس سے معافی نامہ لکھوایا گیا اور اسے چھوڑ دیا گیا۔ اس کے بعد سے وہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی ہے اور اپنے عمر رسیدہ اور مالی طور پر کمزور والد پر منحصر ہے۔بیوی نے کہا کہ شوہر اور اس کے اہل خانہ نے اس کا ذاتی ازدواجی سامان اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔ اس کی خیریت دریافت کرنے کی بھی کوئی کوشش نہیں کی اور اسے کوئی نان نفقہ فراہم نہیں کیا۔

بیوی کے مطابق اس کا شوہر ایک سافٹ ویئر انجینئر ہے اور تقریباً 70 ہزار روپے ماہانہ کماتا ہے۔ اس کے خاندان کے پاس بھی مختلف جائیدادیں اور کاروبار ہیں جن میں پینٹ اور ہارڈویئر کی دکان۔ کرایے کی جائیدادیں۔ ایک مکان۔ دکانیں۔ تقریباً 20 بیگھہ زمین اور دو خالی پلاٹ شامل ہیں۔ ان ذرائع سے تقریباً 2 لاکھ روپے ماہانہ آمدنی ہوتی ہے۔ بیوی نے کہا کہ اس کی اپنی کوئی مستقل آمدنی نہیں ہے اور اس نے ہر ماہ 30 ہزار روپے نان نفقہ دینے کی درخواست کی۔ 

خاندانی عدالت کا حکم اور ہائی کورٹ میں کارروائی

30 مارچ 2024 کو گوتم بدھ نگر کی خاندانی عدالت کے ایڈیشنل پرنسپل جج نے مقدمہ نمبر 63/2019 میں ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 125 کے تحت بیوی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے درخواست دائر کرنے کی تاریخ سے ہر ماہ 20 ہزار روپے نان نفقہ ادا کرنے کا حکم دیا اور فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ سے بھی ہر ماہ 20 ہزار روپے جاری نان نفقہ مقرر کیا۔اس فیصلے کے خلاف شوہر نے الہ آباد ہائی کورٹ میں فوجداری نظرثانی درخواست نمبر 1366/2026 دائر کی۔ سماعت کے وقت درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں حاضر نہیں ہوا۔ چنانچہ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی میں کارروائی آگے بڑھائی اور بیوی کے وکیل اور ریاست کے ایڈیشنل گورنمنٹ ایڈووکیٹ کا موقف سنا۔بیوی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار متعدد مرتبہ نظرثانی درخواست پر بحث کرنے میں ناکام رہا اور ہر ماہ کی 10 تاریخ تک نان نفقہ ادا کرنے کی ہدایات کے باوجود اس نے کوئی رقم ادا نہیں کی۔ 

عدالت کا تجزیہ اور اہم مشاہدات

خاندانی عدالت کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ہائی کورٹ نے کہا کہ ماتحت عدالت نے شادی۔ بیوی کے الگ رہنے کی وجوہات۔ اپنی کفالت کرنے میں اس کی عدم استطاعت۔ شوہر کی مالی حیثیت اور نان نفقہ کے مؤثر ہونے کی تاریخ سمیت 5 اہم نکات کا جائزہ لیا تھا۔ہائی کورٹ نے کہا کہ خاندانی عدالت اس نتیجے پر درست طور پر پہنچی تھی کہ جہیز کے مطالبات کے باعث بیوی کو ظلم و زیادتی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس کے لیے الگ رہنا مناسب تھا۔ عدالت نے یہ بھی پایا کہ بیوی کی اپنی کوئی آمدنی نہیں تھی جبکہ شوہر کے پاس اسے نان نفقہ فراہم کرنے کے لیے مناسب وسائل موجود تھے۔

جسٹس اچل سچدیو نے ازدواجی زندگی کی بنیادی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیوی اور نابالغ بچے کی کفالت شوہر کی اخلاقی ذمہ داری اور سماجی فریضہ ہے۔ یہ ذمہ داری صرف قانونی نہیں بلکہ سماجی اور اخلاقی بھی ہے اور اس کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب بیوی کی اپنی آمدنی کا کوئی ذریعہ نہ ہو۔ عدالت نے مزید کہا کہ شوہر کی مالی مدد خاندان کے نظام کو برقرار رکھتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ بیوی اور بچے معاشرے میں حاشیے پر نہ چلے جائیں یا غربت کا شکار نہ ہوں۔ معاشرہ شوہر کو خاندان کا کفیل سمجھتا ہے اور اس ذمہ داری سے غفلت اکثر سماجی ناپسندیدگی اور بدنامی کا باعث بنتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ شادی نگہداشت اور تحفظ کی ایک اخلاقی بنیاد قائم کرتی ہے۔ شوہر اخلاقی طور پر اپنی بیوی کی عزت اور فلاح و بہبود کے تحفظ اور نابالغ بچے کی کفالت کا پابند ہے۔ یہ محبت۔ ہمدردی اور ذمہ داری میں پیوست ایک بنیادی فریضہ ہے اور قانون و رسم و رواج سے بالاتر ہو کر یہ اس شخص کے ضمیر کا معاملہ بھی ہے کہ وہ اپنے زیر کفالت افراد کو تکلیف سے بچائے۔ہائی کورٹ نے نان نفقہ کے قانونی حق کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نان نفقہ خیرات کا معاملہ نہیں بلکہ ازدواجی اور والدین کی ذمہ داری سے پیدا ہونے والا قانونی حق ہے۔ شوہر فطری سرپرست اور کفیل ہونے کی حیثیت سے سماجی اور اخلاقی ذمہ داری بھی رکھتا ہے کہ بیوی اور بچے انتہائی غربت کی حالت میں نہ پہنچیں۔ نان نفقہ کوئی احسان نہیں بلکہ حق ہے اور اس سے انکار بیوی کو محتاجی کی زندگی گزارنے پر مجبور کر سکتا ہے جسے قانون برداشت نہیں کر سکتا۔عدالت نے کہا کہ یہ ذمہ داری صرف قانونی حکم پر مبنی نہیں بلکہ معاشرے کے ضمیر میں بھی اس کی بنیاد موجود ہے کیونکہ خاندان۔ قانون اور سماجی نظام سے متعلق ذمہ داریوں سے غفلت ان تمام بنیادوں کو کمزور کرتی ہے۔ 

سابقہ عدالتی فیصلے اور آئینی اصول

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا بھی حوالہ دیا جن میں بھون موہن سنگھ بنام مینا 2015 شامل ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نان نفقہ سماجی انصاف کا ایک ذریعہ ہے جس کا مقصد بے گھر ہونے اور انتہائی غربت سے بچانا ہے۔عدالت نے چتربھج بنام سیتابائی 2008 کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ نان نفقہ کا مقصد بیوی کو انتہائی غربت کی حالت میں پہنچنے سے بچانا ہے اور نان نفقہ ایک حق ہے۔ اس کے لیے شوہر کی جانب سے غفلت کا باقاعدہ ثبوت لازمی شرط نہیں ہے۔

ہائی کورٹ نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 125 اور بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعہ 144 کے تحت نان نفقہ کے قانونی نظام کو آئینی ضمانتوں سے بھی جوڑا۔ عدالت نے کہا کہ آئین کی دفعہ 39 اے اور 39 ایف مناسب ذریعہ معاش اور صحت مند نشوونما کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتی ہیں جبکہ دفعہ 21 باوقار زندگی کے حق کی ضمانت دیتی ہے۔ بیوی کو نان نفقہ سے محروم کرنا اسے محتاجی کی طرف دھکیلتا ہے اور اس طرح ان آئینی ضمانتوں کے ساتھ ساتھ دفعات 15(3) اور 41 کی روح بھی متاثر ہوتی ہے۔

ہائی کورٹ نے خاندانی عدالت کے حکم کو درست اور مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ عدالت نے شوہر کی جانب سے دائر فوجداری نظرثانی درخواست مسترد کر دی۔