سری نگر۔ کشمیر میں سردیوں کے سب سے سخت دور مانے جانے والے چالیس روزہ چلہ کلاں کا آغاز سرد موسم کے ساتھ ہو گیا ہے۔ گل مرگ میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش نے طویل خشک موسم کے بعد راحت فراہم کی ہے۔ موسم میں اس تبدیلی سے پوری وادی میں سرمائی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ نمی کی سطح بہتر ہوئی ہے اور سیاحت اور زراعت کے شعبوں کے لیے امیدیں بھی جاگ اٹھی ہیں۔
کشمیر کے مشہور اسکی ریزورٹ گل مرگ میں رات بھر ہونے والی برف باری نے چراگاہ کو سفید چادر میں ڈھانپ دیا ہے اور سیاحوں کے ساتھ ساتھ سرمائی کھیلوں کے شوقین افراد کو دوبارہ ڈھلانوں کی طرف کھینچ لایا ہے۔ سری نگر اور دیگر نشیبی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی ہے۔ جبکہ سونمرگ پہلگام اور کپواڑہ کے بعض بالائی علاقوں میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔


محکمہ موسمیات کے ایک سینئر افسر کے مطابق کئی ہفتوں کی غیر معمولی سرد اور خشک صورتحال کے بعد یہ پہلا بڑا مغربی خلل ہے جو خطے کو متاثر کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش اور برف باری کا یہ سلسلہ وسیع پیمانے پر ہے اور چلہ کلاں کے دوران فعال موسم کے آغاز کی علامت ہے۔چلہ کلاں کا آغاز اکیس دسمبر سے ہوتا ہے اور یہ تیس جنوری تک جاری رہتا ہے۔ اسے روایتی طور پر کشمیری سردیوں کا سب سے سرد ترین دور سمجھا جاتا ہے۔ ان چالیس دنوں میں درجہ حرارت اکثر نقطہ انجماد سے کہیں نیچے چلا جاتا ہے۔ آبی ذخائر جم جاتے ہیں اور وادی بھر میں روزمرہ زندگی کی رفتار سست پڑ جاتی ہے۔ اس سال اس دور کا آغاز ایک طویل خشک موسم کے بعد ہوا ہے جس کے باعث پانی کی دستیابی اور کم برف باری پر تشویش پیدا ہو گئی تھی۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب منڈلا رہا ہے جبکہ گہرے بادلوں کے باعث دن کے وقت بھی درجہ حرارت کم رہ رہا ہے۔سخت سردی کے باوجود مقامی لوگ موسم کی اس تبدیلی کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ گل مرگ کے ایک مقامی ڈرائیور عبدال رشید کا کہنا ہے کہ سردی ضرور شدید ہے لیکن یہ برف اور بارش بے حد ضروری تھی۔ ان کے مطابق طویل عرصے تک برف نہ ہونے کی وجہ سے تشویش تھی۔ تازہ برف باری کے ساتھ سیاح واپس آنا شروع ہو جاتے ہیں جس سے کاروبار میں بہتری آتی ہے۔ زیادہ سیاحوں کا مطلب زیادہ سواری بہتر آمدنی اور ڈرائیوروں ہوٹل کے عملے اور گھوڑا بانوں کے لیے روزگار ہے۔ ساتھ ہی یہ برف باری آبی ذخائر کو بھرنے اور زراعت کو فائدہ پہنچانے میں بھی مدد دے گی۔


گل مرگ میں سیاحت سے وابستہ افراد نے تازہ برف باری کو سرمائی سیاحت کے لیے نئی زندگی قرار دیا ہے۔ اسکی آپریٹرز ہوٹل مالکان اور گائیڈز کا کہنا ہے کہ برف پڑتے ہی بکنگ میں فوری بہتری آ جاتی ہے۔گل مرگ کے ایک اسکی انسٹرکٹر مشتاق احمد کے مطابق برف ہی ان کی زندگی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ گل مرگ میں تازہ برف پڑی ہے وہ آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ چلہ کلاں اگرچہ مشکل ہوتا ہے لیکن یہی ان کا سب سے مصروف موسم بھی ہوتا ہے۔
ریزارٹ کا رخ کرنے والے سیاح بھی اسی جوش و خروش کا اظہار کر رہے ہیں۔ دہلی سے آئی سیاح ریا شرما کا کہنا ہے کہ وہ برف باری کی امید کر رہی تھیں اور اس منظر کے ساتھ آنکھ کھلنا کسی جادو سے کم نہیں۔ ان کے مطابق سردی بہت شدید ہے لیکن یہ تجربہ ہر تکلیف پر بھاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ وہ چلہ کلاں کے دوران پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انتظامیہ نے خاص طور پر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر برف ہٹانے والی مشینری کو تیار حالت میں رکھا ہے جہاں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اکثر رکاوٹیں پیدا ہو جاتی ہیں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک افسر کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیمیں کسی بھی موسم سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور دور دراز علاقوں میں ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔محکمہ بجلی بھی الرٹ پر ہے کیونکہ اس دوران بجلی کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ لوگ روایتی کانگریوں اور برقی ہیٹروں پر زیادہ انحصار کرنے لگتے ہیں۔
طبی ماہرین عوام کو شدید سردی سے بچاؤ کی تلقین کر رہے ہیں۔ سری نگر کے ایک اسپتال کے ڈاکٹر کے مطابق چلہ کلاں بچوں اور بزرگوں کے لیے خاص طور پر مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ لوگ خود کو گرم رکھیں طویل عرصے تک سردی میں رہنے سے گریز کریں اور اگر ہائپوتھرمیا سے متعلق علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی مدد حاصل کریں۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں وقفے وقفے سے برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس سے پورے خطے میں درجہ حرارت کم رہے گا۔ اگرچہ چلہ کلاں سخت سردی کے لیے جانا جاتا ہے لیکن بہت سے کشمیری اسے وادی کے قدرتی نظام کا لازمی حصہ سمجھتے ہیں۔
ماحولیاتی ماہر نثار بھٹ کے مطابق جتنا مشکل یہ دور ہوتا ہے اتنا ہی کشمیر کی شناخت بھی اسی سے جڑی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چلہ کلاں کے دوران برف باری گلیشیئرز دریاؤں اور زراعت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اگر برف نہ پڑے تو اس کے اثرات پورے سال محسوس کیے جاتے ہیں۔یوں تازہ برف باری اور سرمائی توانائی کے ساتھ چلہ کلاں کے آغاز پر کشمیر شدید سردی کے ہفتوں کے لیے خود کو تیار کر رہا ہے اور ساتھ ہی اس بارش اور برف کا خیر مقدم بھی کر رہا ہے جو اس کے ماحول اور معیشت دونوں کے لیے زندگی کی حیثیت رکھتی ہے۔