بیگم قدسیہ رسول کو تاریخ میں اپنا مقام ضرور ملنا چاہیے: کتاب کی رونمائی کے موقع پر مقررین

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2025
بیگم قدسیہ رسول کو تاریخ میں اپنا مقام ضرور ملنا چاہیے: کتاب کی رونمائی کے موقع پر مقررین
بیگم قدسیہ رسول کو تاریخ میں اپنا مقام ضرور ملنا چاہیے: کتاب کی رونمائی کے موقع پر مقررین

 



اشہر عالم ۔ نئی دہلی

دنیا کے لیے وہ ایک نڈر سیاسی شخصیت تھیں مگر میرے لیے وہ میری نانی جان تھیں۔ نرم دل۔ باوقار۔ اور اپنے اصولوں پر قائم رہنے والی شخصیت تھیں ۔

ملک کے دستور سازی کے لیے بنی دستور ساز اسمبلی میں واحد مسلم خاتون بیگم قدسیہ رسول کے بارے میں ان تاثرات کا اظہارتہمینہ پنوائی نے  کیا ۔ جوان کی نانی تھیں۔

وہ بیگم قدسیہ رسول کی کتاب کے اجراء کے موقع پر خطاب کررہی تھیں جو ان کی وفات کے 24 سال بعد دوبارہ شائع کی گئی ہے۔یہ کتاب   The Remarkable Life Of The Only Muslim Woman In the Constituent Assemblyدراصل "From Purdah to Parliament: The Memoirs of a Muslim Woman in Indian Politicsکا تازہ ایڈیشن ہے جس میں ان کی سیاسی جدوجہد اور میراث کو بیان کیا گیا ہے۔

تحمینہ پنوائی پیشے سے وکیل ہیں اور بیگم قدسیہ رسول کی بیٹی کی بیٹی ہیں۔اپنی نانی کی زندگی کی ایک نایاب جھلک پیش کی۔ ان کی نانی بیگم قدسیہ رسول کوئی عام خاتون نہ تھیں۔ وہ سن 1949 میں اس دستور ساز اسمبلی کی واحد مسلمان خاتون تھیں جس نے ہندستان کا دستور تیار کیا۔

دہلی میں کتاب کے اجرا کے موقع پر تحمینہ نے کہا کہ انہیں وہ زمانہ یاد کیا جب بیگم رسول کے سیاسی میدان میں قدم رکھنے پر ان کے خلاف فتویٰ جاری ہوا تھا۔ خاندان خوفزدہ تھا مگر بیگم رسول پرسکون رہیں۔وہ کہتی تھیں کہ اگر میرا ضمیر مطمئن ہے تو کوئی حکم نامہ مجھے خوف زدہ نہیں کر سکتا۔ یہ جملہ سن کر سامعین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔

تقریب میں صحافی۔ وکلاء۔ اور سیاسی رہنما شریک ہوئے تاکہ اس خاتون کے کارناموں کو یاد کیا جا سکے جنہیں تاریخ کے مرکزی دھارے میں وہ مقام نہیں ملا جس کی وہ مستحق تھیں۔اس نشست کی نظامت صحافی نِدھی رازدان نے کی۔ جبکہ مقررین میں سلمان خورشید۔ اندرا جیسنگ۔ منیش تیواری اور سینئر وکیل تہمینہ پنوائی شامل تھیں۔

 یاد رہے کہ بیگم قدسیہ رسول سن 1909 میں پیدا ہوئیں۔ وہ ہندستان کی دستور ساز اسمبلی کی واحد مسلمان خاتون تھیں۔ وہ ایک دبنگ سیاست دان تھیں۔ مذہبی بنیادوں پر ریزرویشن کی مخالف تھیں۔ اقلیتوں کے حقوق کی علمبردار تھیں اور خواتین کی ہاکی کے فروغ میں پیش پیش تھیں۔وہ راجیہ سبھا اور اتر پردیش اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور سن 2000 میں انہیں پدم بھوشن سے نوازا گیا۔وہ 1946 کی دستور ساز اسمبلی کی اکیلی مسلمان خاتون تھیں۔ اقلیتوں کے مساوی حقوق کی جدوجہد کی اور مذہبی ریزرویشن کی مخالفت کی۔قدسیہ بیگم نے یوپی اسمبلی۔ راجیہ سبھا میں خدمات انجام دیں اور وزیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔

خواتین کی ہاکی کے فروغ کا سہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے اور ایک ہاکی کپ ان کے نام سے منسوب ہے۔ پردہ چھوڑ کر عملی سیاست میں آنا ان کا جرات مندانہ قدم تھا۔ اپنی خود نوشت کے علاوہ انہوں نے ایک سفر نامہ۔ ہمارے باپو کے نام سے مہاتما گاندھی پر کتاب اور حیات قدسی کے عنوان سے بھوپال کی بیگمات پر بھی لکھا۔

تہمینہ نے کہا کہ اپنی سیاسی عظمت کے باوجود بیگم رسول ہمیشہ عوام کے قریب رہیں۔ وہ روزانہ خواتین سے ملتی تھیں۔ ان کے مسائل سنتی تھیں اور خاموشی سے ان کے لیے کام کرتی تھیں۔ ان کے نزدیک خدمت ایک فرض تھا نہ کہ شہرت کا وسیلہ۔

دیگر مقررین نے بھی اس دور میں ان کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا جب مسلمان خواتین کو سخت سماجی پابندیوں کا سامنا تھا۔سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے بتایا کہ قدسیہ بیگم نے کئی قانونی رکاوٹوں کے باوجود صوبہ متحدہ کی عام نشست سے الیکشن جیتا جو ایک غیر معمولی جرات تھی۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی میں ان کی موجودگی اس بات کا ثبوت تھی کہ ہندستان نے مشکل ترین دور میں بھی سب کو جگہ دی۔

معروف وکیل اندرا جیسنگ نے ان کی اخلاقی شفافیت اور نرم خو قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں عزم اور انکسار کا حسین امتزاج قرار دیا۔

مقررین اس بات پر متفق تھے کہ بیگم قدسیہ رسول کی خدمات کو تسلیم کیا جانا چاہیے اور ہندستان کی سیاسی تاریخ میں انہیں نمایاں مقام دیا جانا ضروری ہے۔