علی گڑھ اردو کتاب میلہ- کتاب کی تہذیب کو فروغ دینے کی سمت ایک بڑا قدم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2025
علی گڑھ اردو کتاب میلہ 2025 کتاب کلچر کو فروغ دینے کی سمت ایک بڑا قدم
علی گڑھ اردو کتاب میلہ 2025 کتاب کلچر کو فروغ دینے کی سمت ایک بڑا قدم

 



علی گڑھ/دہلی: کتاب میلے میں مختلف موضوعات پر کتابوں کے ساتھ قریب پچاس پبلشرز شامل ہو رہے ہیں، جن کا تعلق گجرات، تنگانہ، مہاراشٹر، کشمیر، دہلی، اتر پردیش جیسے مختلف صوبوں سے ہے۔
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی دراصل کونسل  کی جانب سے کلچرل ایجوکیشن سینٹر، میں علی گڑھ اردو کتاب میلہ(22تا30نومبر2025) کا انعقاد ہوگا
ڈائریکٹر شمس اقبال نے پریس کانفرنس میں کتاب میلے کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے کتاب کلچر کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ اردو کتاب میلے کا افتتاح علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون صاحبہ کریں گی۔اس کے علاوہ مہمانان اعزازی میں پدم شری پروفیسر سید ظل الرحمن اور رجسٹرار ایم یو، علی گڑھ پروفیسر عاصم ظفر صاحب شامل رہیں گے۔
افتتاحی اجلاس میں کلیدی خطبہ معروف مصنف، فکشن نگار جناب سید محمد اشرف صاحب پیش کریں گے اور سر سید اکیڈمی، علی گڑھ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شافع قدوائی اظہار خیال فرمائیں گے۔
ڈاکٹر شمس اقبال نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میلے میں متعدد ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔  منعقد ہونے والے اہم ادبی پروگراموں میں مصنّفین سے ملاقات، داستان گوئی، شام غزل، طرحی مشاعرہ، پچوں کے پروگرام اور ادب و ثقافت کے رنگ شامل ہیں۔ ڈاکٹر اقبال نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی دلچسپیوں کے مدنظر ایک خاص پروگرام کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں بچوں کے تیئں مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ ادبی نوعیت کے پروگراموں کے علاوہ ثقافتی پروگرام بھی اس میں شامل ہیں۔
اس موقع پر سرسید اکیڈمی کے اعزازی ڈائریکٹر اور معروف اکیڈمیشین پروفیسر شافع قدوائی نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے اس کتاب میلے کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے قابل ستائش قدم قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس میلے کے ذریعہ اردو دنیا کے مختلف گوشوں تک کتابوں کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔
کلچرل ایجوکیشن سینٹر، اے ایم یو، علی گڑھ کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد نوید خان نے ثقافتی پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادب کا ثقافت سے گہرا رشتہ ہے۔ جو ثقافتی پروگرام اس میلے میں منعقد کئے جا رہے ہیں ان کا تعلق بھی زبان و ادب سے ہے۔ صحافیوں سے ملاقات کے اس موقع پر کونسل کے افسران و ارکین کے علاوہ کئی اہم شخصیات موجود رہیں۔