علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے معروف موسیقار زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 25-09-2025
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے معروف موسیقار زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کیا
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے معروف موسیقار زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کیا

 



  علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آسام اور نارتھ ایسٹ سے تعلق رکھنے والے طلباء و محققین نے ممتاز موسیقار زوبین گرگ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے فیکلٹی آف آرٹس کے احاطے میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا۔ یہ پروگرام ستمبر میں سنگاپور میں ان کے انتقال کے بعد ان کی یاد میں ترتیب دیا گیا تھا اور اس کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا۔

ڈاکٹر حفظ الرحمٰن صدیقی (شعبہ حیوانیات) نے اپنے خراج تحسین میں کہا کہ آسام کی ثقافت میں زوبین گرگ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وہ آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا باعث رہیں گے۔ ڈاکٹر نازرین لشکر (شعبہ لسانیات، اے ایم یو) نے بتایا کہ زوبین کا ان کے خاندان کے ساتھ ذاتی تعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ زوبین گرگ سادگی، بے خوفی اور سخاوت کی علامت تھے اور اپنی ذات میں ایک مکمل ادارہ تھے۔

پروفیسر فلسفہ ڈاکٹر شاہد الحق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے روشنی ہماری زندگیوں سے رخصت ہو گئی ہے، مگر زوبین گرگ اگرچہ اس دنیا میں نہیں رہے لیکن وہ آنے والی نسلوں تک ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے آن لائن بھی تعزیت کی۔ اے ایم یو مرشدآباد سینٹر کے پروفیسر آف لاء ڈاکٹر اعزاز احمد راج نے زوبین گرگ کے انتقال کو ہر آسامی کے لیے ذاتی نقصان قرار دیا، جبکہ رقیب الحق (فیکلٹی آف لینگویجز، ایل بی ایس این اے اے، مسوری) نے کہا کہ پورا آسام گہرے سوگ میں ہے اور سبھی ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعاگو ہیں۔

پروگرام کا اختتام زوبین گرگ کے اعزاز میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے احاطے میں درخت لگانے کی قرارداد کے ساتھ ہوا۔