مکہ :حج 2026 کی تیاریوں کے تحت سعودی عرب نے عازمین حج کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے شہر الخرج میں قائم ’’ضیوف الرحمٰن سروس سینٹر‘‘ میں ایک ایسا بولنے والا روبوٹ متعارف کرایا گیا ہے جو 69 زبانوں میں عازمین حج سے گفتگو کر سکتا ہے اور ان کے عام سوالات کے جواب دیتا ہے۔
اس روبوٹ کو انجینئر اسامہ الشمیری نے تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام کو ان کی اپنی زبان میں رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ مترجمین کی ضرورت کم ہو اور عازمین کو فوری معلومات حاصل ہو سکیں۔
ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج کے لیے سعودی عرب پہنچتے ہیں۔ ان میں افریقہ ایشیا یورپ اور دیگر خطوں سے آنے والے ایسے افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو نہ عربی جانتے ہیں اور نہ انگریزی۔ زبان کا فرق اکثر حجاج اور عملے کے درمیان رابطے میں مشکلات پیدا کرتا ہے۔ نیا روبوٹ اسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
Hajj robot has been launched. pic.twitter.com/h4g1xpl1Dl
— Mansour Alotaibi (@MansourAlofn) May 7, 2026
الخرج کا ’’ضیوف الرحمٰن سروس سینٹر‘‘ 50 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم ہے اور ایک وقت میں 35 ہزار تک عازمین کو سہولت فراہم کر سکتا ہے۔ یہ مرکز مکہ مکرمہ جانے والے اہم زمینی راستے پر واقع ہے اور حج 2026 کے دوران سڑک کے ذریعے آنے والے زائرین کے لیے ابتدائی استقبالی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ مرکز سعودی عرب کے بڑے حج استقبالی مراکز میں شمار کیا جاتا ہے جہاں حجاج کو رہنمائی راستوں کی معلومات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ وہ مسجد الحرام کی جانب اپنا سفر آسانی سے جاری رکھ سکیں۔
مسجدِ قبا میں خودکار بس سروس کا آغاز
سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مدینہ منورہ میں مسجد قبا کے اندرونی صحن میں “روبوبس” نامی خودکار شٹل بس کا آزمائشی آغاز کیا ہے۔ یہ منصوبہ سعودی عرب میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی کے ابتدائی تجربات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ آزمائش پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے شروع کی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ خودکار گاڑیاں عبادت گاہوں اور زیادہ رش والے مقامات پر زائرین اور نمازیوں کی آمد و رفت کو کس حد تک آسان اور محفوظ بنا سکتی ہیں۔
— Mansour Alotaibi (@MansourAlofn) May 11, 2026
روبوبس مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام کے تحت کام کرتی ہے۔ اس میں نصب سینسرز اور ہائی ریزولوشن کیمرے اردگرد کے ماحول کا مسلسل جائزہ لیتے ہیں۔ یہی نظام بس کو راستہ پہچاننے، پیدل چلنے والوں کو محسوس کرنے اور بغیر کسی انسانی ڈرائیور کے محفوظ انداز میں چلنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ خودکار شٹل مسجد قبا کے اندرونی صحن میں تقریباً 700 میٹر طویل مخصوص راستے پر چلتی ہے۔ اس کے اسٹاپ مرد اور خواتین زائرین کے داخلی راستوں کے قریب قائم کیے گئے ہیں تاکہ آنے جانے والوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ روبوبس اسی راستے پر چلتی ہے جو گالف کارٹس کے لیے مختص ہے اور آزمائشی مرحلے کے دوران اپنے مقررہ روٹ سے ہٹتی نہیں۔
یہ تجرباتی مرحلہ 60 دن تک جاری رہے گا۔ اس دوران گاڑی ہائی ریزولوشن ڈیجیٹل نقشوں کی مدد سے مختلف معلومات جمع کرے گی تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ خودکار ڈرائیونگ نظام حقیقی ماحول میں کس حد تک مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔
حکام اس آزمائش کے دوران بس کی کارکردگی، آپریشنل استعداد اور مسافروں کے تجربات کا بھی جائزہ لیں گے۔ جمع کی جانے والی تمام معلومات کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا یہ ٹیکنالوجی سعودی عرب کے دیگر شہروں میں وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے تیار ہے یا نہیں۔