ورلڈ کپ 2026: کس کے سر پر ہوگا تاج

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2026
ورلڈ کپ 2026:  کس کے سر پر ہوگا تاج
ورلڈ کپ 2026: کس کے سر پر ہوگا تاج

 



نئی دہلی : آواز دی وائس 

فٹ بال کے شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو چکی ہیں کیونکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون 2026 سے ہو رہا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 19 جولائی 2026 کو کھیلا جائے گا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ تین ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔اس بار عالمی کپ کئی حوالوں سے منفرد ہے۔ پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتری ہیں جبکہ انہیں 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 104 میچ کھیلے جائیں گے اور دنیا کے مختلف براعظموں کی بہترین ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے خواب کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔فٹ بال ماہرین کے مطابق اگرچہ ہر ورلڈ کپ میں کچھ ٹیمیں حیران کن نتائج دیتی ہیں لیکن اس بار بھی چند روایتی طاقتیں اور کچھ ابھرتی ہوئی ٹیمیں خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

 ماہرین اور بک میکرز کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سب سے مضبوط دعویدار اسپین اور فرانس ہیں جبکہ انگلینڈ،برازیل،ارجنٹائن اور جرمنی بھی ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہیں۔اسپین کو سب سے بڑا فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ یورو 2025 کی فاتح ٹیم نوجوان اسٹار لامین یامال، پیڈری اور روڈری کی بدولت غیر معمولی توازن اور مضبوطی رکھتی ہے۔فرانس کے پاس کیلیان ایمباپے اور بیلن ڈی آور یافتہ عثمان ڈیمبیلے جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی موجود ہیں، جس کی وجہ سے اسے بھی ٹائٹل کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔انگلینڈ مسلسل دو یورپی چیمپئن شپ کے فائنل کھیل چکا ہے ، 1966 کے بعد اپنے پہلے عالمی ٹائٹل کی تلاش میں ہے۔

موجودہ عالمی چیمپئن ارجنٹائن لیونل میسی کے ساتھ لاوتارو مارتینیز، اینزو فرنانڈیز اور جولیان الواریز جیسے ستاروں کی بدولت خطرناک ٹیم ہے۔برازیل ہمیشہ ورلڈ کپ کی مضبوط ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔ نیمار کی واپسی نے ٹیم کو مزید مضبوط بنایا ہے اور وہ کسی بھی مرحلے پر بڑا کارنامہ انجام دے سکتی ہے۔جرمنی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ بڑے ٹورنامنٹس میں یہ ٹیم اکثر خاموشی سے آگے بڑھتے ہوئے ٹائٹل کی مضبوط دعویدار بن جاتی ہے۔

گروپ اے: میکسیکو اور جنوبی کوریا مضبوط امیدوار

میزبان میکسیکو اپنے ہوم گراؤنڈ اور شائقین کی بھرپور حمایت کے ساتھ میدان میں اتر رہا ہے۔ جنوبی کوریا بھی گزشتہ دو برسوں سے مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے اور اس کے کئی کھلاڑی یورپی لیگز میں نمایاں ہیں۔اس گروپ میں چیکیا بھی خطرناک ٹیم ہے اور وہ اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ میں شامل رہ سکتی ہے۔

فیورٹ ٹیمیں: میکسیکو، جنوبی کوریا

گروپ بی: کینیڈا کی امیدیں بلند

میزبان کینیڈا اپنے اسٹار کھلاڑی الفانسو ڈیویز کی قیادت میں میدان میں اترے گا۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ تجربہ کار اور متوازن ٹیم ہے جس کے پاس بڑے مقابلوں کا وسیع تجربہ موجود ہے۔

فیورٹ ٹیمیں: کینیڈا، سوئٹزرلینڈ

گروپ سی: برازیل سب سے مضبوط دعویدار

پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو اس گروپ کی سب سے مضبوط ٹیم قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ نیمار کی فٹنس پر سوالات موجود ہیں لیکن ونیشیئس جونیئر اور دیگر ستاروں کی موجودگی برازیل کو خطرناک بناتی ہے۔

مراکش بھی 2022 ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم ہونے کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔

فیورٹ ٹیمیں: برازیل، مراکش

گروپ ڈی: امریکا کو ہوم ایڈوانٹیج

امریکا اپنے میدانوں میں کھیلنے کا فائدہ اٹھانا چاہے گا۔ آسٹریلیا بھی ایک منظم اور محنتی ٹیم ہے جبکہ ترکیہ اور پیراگوئے کسی بھی وقت اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔

فیورٹ ٹیمیں: امریکا، آسٹریلیا

گروپ ای: جرمنی کی نظریں ٹائٹل پر

چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی اس گروپ کی واضح فیورٹ ہے۔ جمال موسیالا، فلورین ورٹز اور لیرائے سانے جیسے ستارے اسے مزید مضبوط بناتے ہیں۔

دوسری پوزیشن کے لیے ایکواڈور اور آئیوری کوسٹ کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔

فیورٹ ٹیم: جرمنی

گروپ ایف: نیدرلینڈز اور جاپان کی دوڑ

یہ ٹورنامنٹ کے سخت ترین گروپس میں شمار کیا جا رہا ہے۔ نیدرلینڈز، جاپان اور سویڈن تینوں میں اگلے مرحلے تک پہنچنے کی صلاحیت موجود ہے۔

فیورٹ ٹیمیں: نیدرلینڈز، جاپان

گروپ جی: بیلجیم سب پر بھاری

کیون ڈی بروئنے اور رومیلو لوکاکو کی موجودگی بیلجیم کو اس گروپ کی سب سے مضبوط ٹیم بناتی ہے۔ ایران اور مصر بھی اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گے۔

فیورٹ ٹیم: بیلجیم

گروپ ایچ: اسپین اور یوراگوئے کا امتحان

نوجوان سپر اسٹار لامین یامال کی وجہ سے اسپین کو ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن یوراگوئے بھی آسان حریف ثابت نہیں ہوگی۔

فیورٹ ٹیمیں: اسپین، یوراگوئے

گروپ آئی: فرانس سب سے آگے

موجودہ عالمی فٹ بال کی طاقتوں میں شمار ہونے والی فرانس کی ٹیم میں کیلیان ایمباپے، عثمان ڈیمبیلے اور دیگر عالمی معیار کے کھلاڑی موجود ہیں۔

ناروے کے ارلنگ ہالینڈ اور سینیگال کے سادیو مانے اس گروپ کو مزید دلچسپ بنا رہے ہیں۔

فیورٹ ٹیمیں: فرانس، ناروے

گروپ جے: میسی کے آخری عالمی سفر پر نظریں

موجودہ عالمی چیمپئن ارجنٹائن اپنے کپتان لیونل میسی کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہے گی۔ الجزائر اور آسٹریا بھی سخت مقابلہ پیش کر سکتے ہیں۔

فیورٹ ٹیمیں: ارجنٹائن، آسٹریا

گروپ کے: پرتگال اور کولمبیا مضبوط دعویدار

کرسٹیانو رونالڈو کے ممکنہ آخری ورلڈ کپ نے اس گروپ کو خاص اہمیت دے دی ہے۔ پرتگال اور کولمبیا دونوں کے پاس میچ کا پانسہ پلٹنے والے کھلاڑی موجود ہیں۔

فیورٹ ٹیمیں: پرتگال، کولمبیا

گروپ ایل: انگلینڈ کا سنہری موقع

انگلینڈ کو اس ورلڈ کپ کی تین بڑی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ہیری کین، فل فوڈن اور بکایو ساکا ٹیم کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ دوسری جانب کروشیا اپنی روایتی جنگجو مزاجی کے باعث کسی بھی مرحلے پر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

فیورٹ ٹیمیں: انگلینڈ، کروشیا

 

ورلڈ کپ 2026 کی مجموعی فیورٹ ٹیمیں

ماہرین اور حالیہ فارم کو سامنے رکھا جائے تو ٹائٹل کے سب سے مضبوط امیدواروں میں اسپین، فرانس، انگلینڈ، برازیل، ارجنٹائن، جرمنی اور پرتگال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بیلجیم، مراکش، یوراگوئے اور نیدرلینڈز بھی ایسی ٹیمیں ہیں جو ٹورنامنٹ میں بڑا اپ سیٹ کر سکتی ہیں۔

فٹ بال کی تاریخ گواہ ہے کہ ورلڈ کپ میں پیش گوئیاں ہمیشہ درست ثابت نہیں ہوتیں۔ یہی وجہ ہے کہ 11 جون سے شروع ہونے والا یہ عالمی میلہ ایک بار پھر دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کو سنسنی خیز مقابلوں، حیران کن نتائج اور یادگار لمحات سے محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔