ورلڈ کپ 2026: قطر اور برازیل کو ڈرا پر اکتفا، اسکاٹ لینڈ کی اہم کامیابی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2026
ورلڈ کپ 2026: قطر اور برازیل کو ڈرا پر اکتفا، اسکاٹ لینڈ کی اہم کامیابی
ورلڈ کپ 2026: قطر اور برازیل کو ڈرا پر اکتفا، اسکاٹ لینڈ کی اہم کامیابی

 



سان فرانسکو: فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے روز شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ دن کے پہلے میچ میں قطر نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ کے خلاف ایک ایک گول سے برابری حاصل کرلی، جبکہ برازیل اور مراکش کے درمیان مقابلہ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دن کے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو شکست دے کر قیمتی تین پوائنٹس حاصل کرلیے۔

سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے پہلے ہاف کے دوران پنالٹی کک پر گول کرکے برتری حاصل کی۔ میچ کے بیشتر حصے میں سوئس ٹیم سبقت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی، تاہم قطر نے ہمت نہیں ہاری اور دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

قطر کے گول کے فوراً بعد ریفری نے میچ ختم ہونے کی سیٹی بجادی اور دونوں ٹیموں نے ایک ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ اس نتیجے کے ساتھ قطر نے اپنی ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی بار کسی میچ سے پوائنٹ حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

تیسرے روز کے دوسرے میچ میں برازیل اور مراکش آمنے سامنے آئے۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں ایک ایک گول اسکور کیا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں جانب سے مسلسل حملے کیے گئے، لیکن کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کرسکی اور مقابلہ ایک ایک گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔

دن کے آخری مقابلے میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے ہاف میں کیا گیا اپنا واحد گول میچ کے اختتام تک برقرار رکھا اور یوں ٹورنامنٹ میں ایک اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔