ویمن کرکٹ۔ ہند ۔ جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز مارچ میں ممکن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-02-2021
خواتین کرکٹ میں آئے گی بہار
خواتین کرکٹ میں آئے گی بہار

 

 

نئی دہلی ۔ کورونا کی وبا نے کھیلوں کی دنیا میں بھی سناٹا کردیا تھا،اب جبکہ آہستہ آہستہ دنیا معمول کی جانب لوٹ رہی ہے تو کھیلوں کی دنیا میں بھی ہلچل لوٹ رہی ہے۔اب ایک اچھی خبر ہندوستانی خواتین کےلئےہ بھی ہے ۔در اصل ہندوستان کی خواتین ٹیم بھی اب تقریباً ایک سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرے گی اور مارچ ماہ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم سے سیریز کھیلے گی۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے مابین پہلے سے طے شدہ محدود اوورس کی سیریز کے مارچ میں کھیلے جانے کی پوری امید ہے۔ذرائع کے مطابق لکھنو میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ کھیلے جاسکتے ہیں۔تاہم ، بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کیا ہے۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر آٹھ میچوں کی سیریز ہونی ہے۔ ان میں پانچ ٹی۔ 20 اور تین ون ڈے میچ شامل ہیں۔ سیریز کی میزبانی کی ذمہ داری لکھنوکو مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی سامنے آیا ہے مقابلے بائیوببل ماحول میں کھیلے جائیں گے۔کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستانی خواتین ٹیم کو گزشتہ ایک سال سے کسی بھی بین الاقوامی سیریز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے دوران ہندوستانی خواتین نے ویمن ٹی۔ 20 چیلنج میں حصہ ضرور لیاتھا۔