آواز دی وائس : نئی دہلی
ابھیشیک شرما۔ ہندوستانی کرکٹ کی نئی دریافت۔ ایک سنسنی اور ایک وجہہ شخصیت۔ میدان میں آسمان کو چھوتے چھکے لگانے کے ماہر،اب نہ صرف ہندوستان بلکہ پڑوسی اور روایتی حریف پاکستان میں بھی پر کشش بن گئے ہیں۔ یوں تو رواں سال جو اب رخصت ہورہا ہے۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسے حالات کے لیے یاد کیا جائے گا۔ سیاسی تناو اور فوجی کشیدگی کے باوجود پاکستانیوں نے جس شخصیت کو سب سے زیادہ تلاش کیا ہے وہ ابھیشیک شرما ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے بغیر پاکستان کی پہچان ادھوری لگتی ہے۔یہ کھیل ہی پورے سال اس کا بخار سرچ انجن پر غالب رہا۔ شائقین نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچوں کو سب سے زیادہ تلاش کیا۔ اس کے بعد ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے میچ بھی مسلسل سرچ ہوتے رہے۔ نئے کھلاڑیوں نے بھی لوگوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگی حالات کے باوجود کرکٹ کے نئے ہندوستانی چہرے ابھیشیک شرما پاکستان کی گوگل سرچ میں سر فہرست رہے ،وہ پاکستانی صارفین کی سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی شخصیت رہے۔ جس نے ہر کسی کو حیران کردیا ہے ۔
ابھیشیک شرما کے کارنامہ
ٹی20 آئی میں ہی ابھیشیک اس سال رنز بنانے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے اب تک 756 رنز بنائے ہیں۔ ان کی اوسط 47.3 ہے۔ اسٹرائیک ریٹ 196.4 ہے۔ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر اس سال 25 سالہ کھلاڑی شاندار فارم میں رہے۔ انہوں نے 1499 رنز بنائے۔ ان کی اوسط 42.82 رہی۔ اسٹرائیک ریٹ 204.22 رہا۔ انہوں نے 9 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں اسکور کیں۔ سب سے بڑا اسکور 148 رہا۔
ٹی20 آئی سے پہلے انہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب کی جانب سے 6 میچوں میں 304 رنز بنائے۔ اوسط 50.67 رہی۔ اسٹرائیک ریٹ 249.18 رہا۔ ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔ بنگال کے خلاف انہوں نے صرف 52 گیندوں پر 148 رنز بنائے۔ ان کی سنچری صرف 32 گیندوں پر مکمل ہوئی۔
.webp)
ہندوستان کے سابق وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل کا کہنا ہے کہ اوپننگ میں ابھیشیک کے رنز ہندوستان کی کامیابی کے لئے بہت اہم ہوں گے۔پارتھیو نے جیو اسٹار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھیشیک شرما اس سیزن کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ وہ مسلسل رنز بنا رہے ہیں۔ چھکے بھی بہت لگا رہے ہیں۔ کیا وہ یہی فارم جاری رکھ سکتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایشیا کپ میں بھی وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ آسٹریلیا کے دورے پر بھی سب سے آگے رہے۔ وہ ٹی20 آئی میں نمبر ون بیٹر بھی ہیں۔پارتھیو کے مطابق اوپننگ میں ابھیشیک کے رنز ہندوستان کی اس پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے لئے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
.webp)
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی ابھیشیک شرما کی دیوانگی پر زبردست ہوا چل رہی ہے ۔ پاکستان کے تعلق سے مزاحیہ پوسٹ سامنے آرہی ہیں ،یہ صرف ہندوستان تک محدود نہیں بلکہ پاکستان میں بھی اس پر خوب مزہ لیا جارہا ہے
پاکستانی اور گوگل سرچ
یاد رہے کہ سال 2025 اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسی دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانیوں نے پورے سال گوگل پر کیا کچھ تلاش کیا۔ اس حوالے سے گوگل نے اپنی نئی رپورٹ جاری کی ہے۔گوگل کی ایئر ان سرچ 2025 کے عنوان سے شائع ہونے والی یہ رپورٹ پاکستانی صارفین کی آن لائن دلچسپیوں کی مکمل جھلک پیش کرتی ہے۔ اس میں وہ تمام موضوعات شامل ہیں جنہیں لوگ سب سے زیادہ تلاش کرتے رہے۔ کرکٹ اور کھلاڑیوں سے متعلق معلومات۔ مختلف پکوان بنانے کی ترکیبیں۔ اور طرح طرح کے دلچسپ سوالات بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔