جو 2019 ورلڈ کپ کے دوران ہوا وہ اب نہیں ہونا چاہیے: راشد خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2021
جو 2019 ورلڈ کپ کے دوران ہوا وہ اب نہیں ہونا چاہیے: راشد خان
جو 2019 ورلڈ کپ کے دوران ہوا وہ اب نہیں ہونا چاہیے: راشد خان

 

 

 دبئی : افغانستان کے مایہ ناز لیگ سپنر راشد خان نے پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ جمعے کو ٹی20 ورلڈ کپ میں دونوں ممالک کے میچ کے دوران شائستگی کا مظاہرہ کریں۔ اس سے قبل انگلینڈ میں کھیلے گئے پاکستان اور افغانستان کے ورلڈ کپ میچ کے بعد پاکستانی اور افغان تماشائیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے کئی واقعات رونما ہوئے تھے۔ راشد خان 2019 میں ہیڈنگلے میں کھیلے گئے 50 اوور کے اُس ورلڈ کپ میچ کا حصہ تھے۔ اس میچ میں راشد خان کی ٹیم کو اگرچہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم میدان کے اندر اور میدان کے باہر ہونے والے تشدد کے واقعات میچ کے نتیجے پر چھائے رہے۔

اس دوران کھلاڑیوں کو سکیورٹی حصار میں گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا کیونکہ تماشائی حفاظتی جنگلے پار کر کے پچ تک جاپہنچے تھے۔ جمعے کے روز ہونے والا میچ بھی اعصاب شکن ہوسکتا ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے تگ و دو کررہی ہیں۔ ویک اینڈ کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستان اور افغانستان کے تارکین وطن تماشائیوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔

راشد خان نے جمعرات کو گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یقیناً پاکستان کے خلاف بہت اچھا میچ ہوتا ہے، لیکن اسے کھیل تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔‘

’میں تمام تماشائیوں سے گزارش کروں گا کہ وہ پرسکون رہیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔ جو کچھ 2019 کے میچ میں ہوا وہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔‘ 

راشد خان اور مجیب الرحمان کی عمدہ بولنگ کی بدولت افغانستان نے ٹی20 ورلڈ کے اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ کو بآسانی 130 رنز کے بڑے ہدف سے ہرا دیا تھا۔ افغانستان کی ٹیم نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو 191 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جبکہ جواب میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم صرف 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس میچ میں راشد خان نے چار جبکہ ان کے ساتھی سپنر مجیب الرحمان نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

افغانستان کی ٹیم پابندی کے خطرے کے سائے میں یہ ٹورنامنٹ کھیلنے آئی ہے کیونکہ ان کے ملک میں طالبان نے خواتین کی کھیلوں پر سخت موقف اپنا رکھا ہے۔