ویسٹ انڈیز نے حاصل کی 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-08-2025
ویسٹ انڈیز نے حاصل کی 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح
ویسٹ انڈیز نے حاصل کی 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح

 



 ٹرینیڈاڈ :تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔ یہ ویسٹ انڈیز کی پاکستان کے خلاف 34 برس بعد کسی ون ڈے سیریز میں کامیابی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے۔ کپتان شائی ہوپ نے شاندار 120 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی 18ویں ون ڈے سنچری تھی، جس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری بنانے والوں کی فہرست میں برائن لارا اور کرس گیل کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے۔ جسٹن گریوز نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 43 رنز بنائے۔ دونوں نے آخری 8.1 اوورز میں 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایون لوئس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم محض 92 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پانچ پاکستانی بلے باز — صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد — بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 23 اور بابر اعظم نے 9 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جے ڈن سیلز نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔

میچ کے بعد شائی ہوپ نے کہا کہ یسٹ انڈیز میں ہم اکثر منفی پہلوؤں پر بات کرتے ہیں، لیکن آج ہمارے پاس جشن منانے کے لیے کئی مثبت چیزیں ہیں۔ ٹیم کو تاریخ رقم کرتے دیکھنا خوشی کی بات ہے۔ سیلز ایک شاندار بولر ہیں۔‘‘پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا: ’’سیلز نے پوری سیریز میں ہمیں مشکلات میں ڈالا، لیکن اصل نقصان ہمیں ابتدائی تین وکٹوں کے جلد گرنے سے ہوا۔‘‘