پاکستانی کرکٹرز کی توتو میں میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےپہلے میچ میں شان دار سنچری بنا کر قومی ٹیم میں متعدد اعزاز اپنے نام کرلیے
محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےپہلے میچ میں شان دار سنچری بنا کر قومی ٹیم میں متعدد اعزاز اپنے نام کرلیے

 

پاکستان میں سب کچھ الگ انداز میں ہوتا ہے۔ سیاستداں تو آپس میں بھڑتے ہی ہیں ،پاکستانی کرکٹرز بھی آمنے سامنے آجاتے ہیں۔یہ پرانی کہانی ہے۔ ایک تاریخ ہے اس کی۔پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی غیر متوقع کارکردگی اور غیر مستقل مزاجی کے ساتھ ساتھ اندرونی محاز آرائی کے لئے بھی جانی جاتی ہے- یوں تو شخصیات کا ٹکراو ٹیم میں ہمیشہ سے رہا ہے، لیکن کبھی کبھی ملک میں موجود قومیتوں کے درمیان جاری کشاکش کا عکس ٹیم میں جاری خانہ جنگی میں بھی نظر آتا  ہے۔اب اس کہانی میں ایک نیا باب کا اضافہ ہوا ہے۔

کچھ ایسا ہی تاثرپاکستانی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے محمد حفیظ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہارکرنے سے ظاہر ہوا۔ محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کو پاکستان کا نمبر ون ٹی ٹوئنٹی وکٹ کیپر بیٹسمین قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اب یہ بحث ختم ہونی چاہیے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ آرڈر بلے باز نہیں ہے۔

محمد حفیظ کے بیان پر پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ بھائی صاحب! امتیاز احمد سے لیکر محمد رضوان تک جتنے بھی وکٹ کیپر پاکستان کے لئے کھیلے سب نمبر ون ہیں اور سب کو عزت ملنی چاہیے۔

 سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم محمد رضوان کے پیچھے کھڑے ہیں اور خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کئی مزید اچھی اننگز کھیلیں گے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرفراز احمد کا تعلق مہاجر خاندان سے ہے- ان کا خاندان تقسیم ہند کے وقت اتر پردیش سے ہجرت کر کے پاکستان چلا گیا تھا - دوسری طرف حفیظ کا تعلق پنجاب سے ہے

واضح رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کے ایک مایا ناز وکٹ کیپر بیٹسمین ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب کپتانوں میں سے بھی ایک ہیں- ان کی زیر قیادت پاکستان نے ٹی20 میں لگاتار 11 سیریز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم دو سال سے زائد عرصے تک عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز رہی تھی۔ تاہم سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ پر سرفراز کو قیادت سے ہٹا دیا گیا تھا ۔

محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کےپہلے میچ میں شان دار سنچری بنا کر قومی ٹیم میں متعدد اعزاز اپنے نام کرلیے۔پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان نے جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف پراعتماد بیٹنگ کی اور شروع میں ہی کپتان بابراعظم کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شان دار سنچری بنائی تھی جو ٹیسٹ کیریئر میں ان کی پہلی سنچری ہے۔

پاکستان کے دونوں سابق کپتانوں کے درمیان جاری لفظی جنگ کے مختلف مطلب نکالے جارہے ہیں- فتح کے جشن کے دوران اس طرح کی لفظی جنگ کچھ الگ ہی تا ثر دے رہی ہے ۔