کرکٹ پر پڑا جنگ کا سایہ ۔ ہندوستان میں آئی پی ایل معطل ،پاکستان میں پی سی ایل دبئی منتقل

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-05-2025
 کرکٹ پر پڑا جنگ کا سایہ ۔ ہندوستان میں آئی پی ایل  معطل ،پاکستان میں پی سی ایل دبئی منتقل
کرکٹ پر پڑا جنگ کا سایہ ۔ ہندوستان میں آئی پی ایل معطل ،پاکستان میں پی سی ایل دبئی منتقل

 



نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رواں جنگی ماحول میں  کرکٹ  نشانہ بن گئی ہے ،دونوں ملکوں میں کرکٹ کے میلے لگے تھے جو جنگ کے سائے کے سبب تقریبا اجڑ گئے ہیں ۔ ہندوستان میں انڈین پریمیر لیگ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ تو دوسری جانب پاکستان میں  پاکستان پریمیر لیگ کو  دبئی  منتقل کردیا گیا ہے ۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایونٹ کو جاری رکھنا مناسب نہیں لگتا۔جمعرات کو جموں اور پٹھان کوٹ کے قریبی شہروں میں فضائی حملے کے خدشے کے باعث پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان دھرم شالہ میں کھیلا جانے والا میچ منسوخ ہونے کے بعد سے ہی لیگ کے مستقبل پر غیریقینی کے بادل منڈلا رہے تھے۔

بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے پی ٹی آئی کو تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ وہ اچھا نہیں لگتا کہ جب ملک جنگ کے حالات سے گزر رہا ہو تو کرکٹ جاری رہے۔آئی پی ایل کی معطلی کا مطلب یہ ہے کہ بورڈ بقیہ میچز کسی موزوں وقت پر کرانے کی کوشش کرے گا، تاہم اس کی تفصیلات تنازع کے خاتمے کے بعد ہی طے کی جائیں گی۔ابھی لیگ کے بارہ لیگ میچز اور چار ناک آؤٹ مقابلے باقی ہیں۔

یہ فیصلہ پہلگام دہشت گرد حملے (22 اپریل) میں 26 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کرنے کے کچھ دن بعد سامنے آیا ہے۔جمعرات کو بھارت کے کئی اضلاع میں بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا جن میں پٹھان کوٹ، امرتسر، جالندھر، ہوشیار پور، موہالی (پنجاب) اور یونین ٹیریٹری چندی گڑھ شامل ہیں۔ اس دوران جموں میں دھماکوں جیسی آوازوں اور فضائی حملوں کی وارننگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

دن کے آغاز میں یہ بھی رپورٹ ہوا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھارتی ڈرون حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، موجودہ فوجی کشیدگی نے غیر ملکی کھلاڑیوں میں خاصی تشویش پیدا کر دی ہے اور وہ آئندہ چند روز میں واپس اپنے ملک روانہ ہوں گے۔ گزشتہ سال کی میگا نیلامی میں 10 فرنچائزز نے 62 غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔

ایک آئی پی ایل ٹیم کے عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ کھلاڑی خیریت سے ہیں لیکن جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھنے کے بعد ظاہر ہے کہ وہ فکرمند ہیں۔دہلی کیپیٹلز اور پنجاب کنگز کے کھلاڑی اس وقت سڑک کے ذریعے دھرم شالہ سے دہلی واپس آ رہے ہیں۔جمعہ کے روز لکھنؤ میں لکھنؤ سپر جائنٹس(LSG) اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچہونا تھا، جو اب معطل کر دیا گیا ہے۔

"قوم سب سے پہلے،"لکھنؤ سپر جائنٹس نے لیگ کی معطلی کے بعد اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر پوسٹ کیا۔

سڈنی میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے، جب کہ پاکستان نے اپنی قومی لیگ پی ایس ایل کو بھارتی فوجی کارروائی کے بعد متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا ہے۔نیوزی لینڈ کی کھلاڑیوں کی تنظیم نے بھی بھارت اور پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

 پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز متحدہ عرب امارات منتقل — پی سی بی کا بڑا فیصلہ

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں جاری کشیدہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی آٹھ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں، فرنچائز مالکان اور کھلاڑیوں کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اجلاس اس وقت طلب کیا گیا جب ایک بھارتی ڈرون راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے احاطے میں گرا، جس سے غیر معمولی سیکیورٹی خدشات نے جنم لیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ "ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز فوری طور پر یو اے ای منتقل کر دیے گئے ہیں، جب کہ نئی تاریخوں اور مقامات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، راولپنڈی اسٹیڈیم پر بھارتی ڈرون کا حملہ ان چند ڈرون حملوں میں سے ایک تھا، جن کے ذریعے بھارت نے پاکستان کے کم از کم 12 شہروں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں نے ایونٹ کی سیکیورٹی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیشہ ہماری یہ پالیسی رہی ہے کہ سیاست کو کھیل سے دور رکھا جائے، لیکن اس حملے کے بعد ہمارے لیے یہ فیصلہ ناگزیر ہو گیا تھا کہ مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔محسن نقوی نے مزید کہاکہکھلاڑیوں کی ذہنی و جسمانی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے، ہم نے ہمیشہ کرکٹ کی بحالی اور فروغ کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا ہے۔ البتہ، موجودہ صورتحال میں یو اے ای منتقلی ہی واحد قابلِ عمل راستہ تھا۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ شائقین اب باقی میچز پاکستانی میدانوں میں براہِ راست نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد کرکٹ دوبارہ پاکستان لوٹے گی۔