عثمان خواجہ دوسرے ایشز ٹیسٹ سے باہر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2025
عثمان خواجہ دوسرے ایشز ٹیسٹ سے باہر
عثمان خواجہ دوسرے ایشز ٹیسٹ سے باہر

 



برسبین- تجربہ کار اوپنر عثمان خواجہ کمر کی تکلیف کے باعث برسبین میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ ایشز ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا کو ایک بار پھر اپنی اوپننگ جوڑی پر نظر ثانی کرنا پڑ رہی ہے۔ یہ بات کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو نے بتائی ہے۔عثمان خواجہ تقریباً دو ہفتے قبل پرتھ میں ہونے والی انجری سے صحت یاب نہ ہو سکے جس کے بعد ان کے بین الاقوامی مستقبل پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ جوش انگلس اور بیو ویبسٹر کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے لیکن آسٹریلیا نے خواجہ کے باہر ہونے کے باوجود اسکواڈ میں کوئی نیا کھلاڑی شامل نہیں کیا۔

یہ 38 سالہ بلے باز جو اسی ماہ 39 برس کے ہونے والے ہیں منگل کو گاٖبا میں تقریباً 30 منٹ نیٹ پر پریکٹس کرتے دکھائی دیے لیکن کئی مواقع پر وہ بے آرام نظر آئے اور جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لئے فٹ قرار نہیں دیے گئے۔

خواجہ کے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کو اس ایشز سیریز میں ایک بار پھر نئی اوپننگ جوڑی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ میں بھی ان کے کمر کے درد کی وجہ سے مارنس لبوشین اور پھر ٹریوس ہیڈ کو عارضی اوپنر کے طور پر آزمایا گیا تھا۔

اس سے پہلے مارنس لبوشین نے عثمان خواجہ کی عمدہ ٹیسٹ فارم کی تعریف کی تھی تاہم انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ انہیں آنے والے میچ میں شامل کیا جانا چاہئے یا نہیں۔ انہوں نے کہا
عثمان بہت اعلیٰ کھلاڑی ہیں۔ آپ ان کے ریکارڈ کو دیکھیں۔ انہوں نے آسٹریلوی کرکٹ کے لئے جو کچھ کیا ہے خصوصاً واپسی کے بعد وہ بے حد مستقل مزاج رہے ہیں اور اوپر کے آرڈر میں مضبوط سہارا بنے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کیریئر میں اوپننگ پارٹنر کافی بدلے ہیں لیکن میں سلیکٹر نہیں ہوں۔ فیصلہ ان لوگوں کا ہے جو مجھ سے کہیں اوپر ہیں اور جو اس بات کا تعین کریں گے کہ ٹیم کو جتوانے کے لئے کون سا کمبی نیشن بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر میچ ایک نئی صورتحال ہوتا ہے۔ بہترین ٹیم کا انتخاب اسی حساب سے کیا جاتا ہے کہ کھیل کی ضرورت کیا ہے۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ دوسرے ٹیسٹ کے لئے یہ ہے
اسٹیو اسمتھ کپتان
اسکاٹ بولینڈ
الیگس کیری
برینڈن ڈگیٹ
کیمرون گرین
ٹریوس ہیڈ
جوش انگلس
عثمان خواجہ
مارنس لبوشین
نیتھن لائن
مائیکل نیسر
مچل اسٹارک
جیک ویترالڈ
بیو ویبسٹر