ٹوکیو اولمپکس 2021:کورونا کے سائے میں آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ٹوکیو میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب کی تیاری مکمل
ٹوکیو میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب کی تیاری مکمل

 

آواز دی وائس :نئی دہلی 

کفر کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے۔۔ کورونا کی وبا سبب کھٹائی میں پڑا ٹوکیو اولمپکس ،کورونا کے سایہ میں شروع ہوگیا مگر افتتاحی تقریب اب شام کو ہوگی۔۔جس کے خلاف ایک گروپ مظاہرہ بھی کررہا ہے۔ ٹوکیو میں کورونا ایمرجنسی نافذ ہے اور مداحوں کے لیے اسٹیڈیم کے دروازے بند ہیں ۔

ہندوستانی وقت کے مطابق ساڑھے ساڑھے چار بجے افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگا ۔جبکہ مختلف ایونٹ آج صبح سے شروع ہوچکے ہیں ۔دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے 11 ہزار ایتھلیٹس ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں، 33 کھیلوں کے 50 ڈسپلن میں؎339 ایونٹس ہوں گے۔

سب کچھ بند گیٹس کے پیچھے خالی اسٹیڈیمز میں ہونگی۔

مگر اہم بات یہ ہوگی کہ مداح نہیں ہونگے کیونکہ کورونا کی نئی لہر کی زد میں آیا جاپان پریشان ہے۔ کھیلوں کا انعقاد بھی ہونا ہے اور سب کو کورونا سے محفوظ بھی رکھنا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے ایک سال تک ملتوی ہونے کے بعد جدید تاریخ کے سب سے زیادہ مسائل زدہ اولمپکس مقابلے آج ٹوکیو میں شروع ہونے جا رہے ہیں۔

 آٹھ سال قبل ٹوکیو شہر نے اولمپکس 2020 کی میزبانی ملنے پر خوب جشن منایا تھا لیکن آج اس کی افتتاح تقریب ایمرجنسی کی حالت میں بند دروازوں کے پیچھے ہو گی۔

 دنیا بھر سے آئے 11 ہزار ایتھلیٹس کی وجہ سے کرونا وبا پھلینے کے خدشات کے پیش نظر منتظمین نے اولمپکس گیمز کے لیے بائیو سکیور ببل بنایا ہے۔

 وبا کی وجہ سے عائد پابندیوں کا مطلب ہے کہ اولمپکس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی مقامی یا اوورسیز تماشائی براہ راست گیمز سے لطف اندوز نہیں ہو سکے گا۔

ایتھلیٹس، سپورٹ سٹاف اور میڈیا پر مسلسل ٹیسٹنگ اور روزانہ صحت کی جانچ پڑتال سمیت سخت کووڈ 19 پروٹوکولز لاگو ہیں۔

 بیرون ملک سے آئے ایتھلیٹس کو شہر میں گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں اور وہ صرف اپنے رہائشی اور کھیلوں کے مقامات تک محدود رہیں گے۔

 جاپان میں ہونے والی عوامی رائے شماری میں لوگ اولمپکس گیمز کے خلاف ہیں، کچھ اس سے اظہار لاتعلقی کر رہے ہیں تو کچھ کا رویہ جارحانہ ہے۔

جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ تقریب میں امریکہ کی خاتون اول جل بائیڈن اور فرانسیسی صدر ایمینوئل میکراں سمیت متعدد عالمی رہنما شریک ہوں گے۔

 تاہم ٹوکیو اولمپکس کے ٹاپ سپانسرز ٹوکیو، پیناسونک، فوجیٹسو اور این ای سی گیمز کی مخالفت میں اپنے اعلیٰ عہدے داروں کو نہیں بھیج رہے۔

 ٹویوٹا کے آپریٹنگ افیسر جون نگاتا نے کہا ’یہ ایک ایسے اولمپکس میں بدل رہا ہے جسے کئی حوالوں سے عوامی پزیرائی نہیں مل رہی۔

تاہم جاپان کے شہنشاہ نے وبا کے دنوں میں اولمپکس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو تسلیم کیا ہے۔ جمعرات کو ٹوکیو میں 1979 کرونا وائرس کے نئے کیس رپورٹ ہوئے جو موسم سرما میں اپنے عروج کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

 انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس باخ، جو گذشتہ 15 مہینوں میں متعدد بار اولمپکس کو ملتوی یا منسوخ کرنے کے مطالبے سن چکے ہیں، کا اصرار ہے کہ کھیل محفوظ طریقے سے ہو سکتے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں محدود دستے 

ہندوستان کی نمائندگی 125 سے زیادہ ایتھلیٹ کریں گے جبکہ  دستےکی مجموعی تعداد 228 ہے ، جس میں اہلکار ، کوچ ، دیگر معاون عملہ اور متبادل ایتھلیٹ شامل ہیں

 افتتاحی تقریب میں چھ کھیلوں کے چھ ہندوستانی کھلاڑیوں اور چھ آفیشلز جمعہ کو شرکت کی کیونکہ کوویڈ 19 کے اگلے دن کھڑے ہونے والے خدشات اور مقابلوں کی وجہ سے دستے کی اکثریت نے ایونٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔

ٹیبل ٹینس کی جوڑی مانیکا بترا اور شرتھ کمال کو اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہوں نے 24 جولائی کو شام ساڑھے 12 بجے شیڈول اپنے مکسڈ ڈبلز میچ کے ساتھ افتتاحی تقریب کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہاکی سے ، صرف پرچم بردار ، مردوں کی ٹیم کے کپتان منپریت سنگھ ، تقریب میں شریک ہونگے۔

تاہم ، آخری لمحے میں ٹینس اسٹار انکیتا رائنا کو اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا جس میں اس نے 19 کھلاڑی اور 6 اہلکار بنائے تھے۔

شوٹنگ ، بیڈ منٹن ، تیر اندازی اور ہاکی جیسے کھیلوں کے کھلاڑی اس تقریب سے الگ ہوگئے ہیں۔

 اولمپکس ویلیج ہی بنا ہے مرکز

 ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8اگست تک جاری رہنےوالے گیمز میں کورونا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

اس کے آغاز سے قبل ہی اولمپکس ولیج میں کووڈ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے، مجموعی طور پر 87 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن افراد میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں 12 ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔ اب یہ گاوں ہی کورونا کا مرکز ہے۔

کووڈ 19 کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس تماشائیوں کے بغیر ہوگا۔تاہم جاپانی دارالحکومت میں بعض اولمپک اسکواڈ کے کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب یہ سوال ابھر رہاہے کہ آیا جاپان حکومت اولمپکس سے جڑے اقتصادی مفادکی خاطرکہیں وباکی شدت نظر انداز تو نہیں کررہی ؟

جاپانی مخالف تھے

 جاپان کے چوتھے بڑے اخبار آساہی شمبن نے حیران کن سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق ملک کی 80 فیصد آبادی اولمپکس گیمزکو منسوخ یا کم سے کم مزید ملتوی کرناچاہتی تھی مگر وزیراعظم یوشی ہیدےسوگا ایسے سروے خاطر میں لانےکو تیار نہیں۔

 جاپانی وزیراعظم کویقین ہے کہ نہ تو وہ عوام اور نہ ہی ان ایتھیلٹس کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں جو دنیابھر سے ٹوکیو میں جمع ہورہے ہیں، ساتھ ہی کچھ اعداد وشمار بھی جاپانی وزیراعظم کا ساتھ دے رہے ہیں۔

 جاپان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو کورونا سے سب سے پہلے متاثر ہوا، پچھلے برس وسط جنوری ہی میں کوویڈ19 کا پہلا کیس جاپان میں سامنے آچکا تھا، برطانوی جہاز ڈائمنڈ پرنسز یوکوہاما میں لنگر انداز ہوا اورایک کےبعد دوسرا کیس رپورٹ ہوا توصورتحال گھمبیرہوتی نظرآرہی تھی ،تاہم اِس وقت ساڑھے 8 لاکھ کورونا کیسز کے سبب دنیا میں جاپان کا 34 واں نمبرہے،تقریباً 3 ہزار کیسزروزانہ سامنے آرہے ہیں تاہم وبا سے اموات کی تعداد 15 ہزار ہے۔

 بچپن کی غلطی نے ٹوکیو گیمز سے دور کرا دیا

بچپن میں کلاس میٹ سے ناروا سلوک کرنے والے جاپانی موسیقار کو ٹوکیو اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب سے الگ ہونا پڑگیا، معاملہ منظرعام پر آنے کے بعدکیاگو اویامیڈا کو افتتاحی تقریب سے باہر کر دیا گیا، انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹ میں لکھا کہ میں اس حوالے سے خود پر ہونے والی تنقید کو قبول کرتے ہوئے لوگوں کی رائے کا احترام کرتا ہوں، انھوں نے ماضی میں اپنے ساتھی طالبعلم سے بدتمیزی کرنے کے علاوہ اس کی معذوری کا بھی مذاق اڑایا تھا۔

 کوکو گوف کورونا کا شکار 

؎۔ 17 سالہ امریکی ٹینس پلیئر کوکو گوف کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر ٹوکیو اولمپکس میں شرکت سے محروم ہوگئیں، وہ 2000 کے بعد مقابلوں میں شامل ہونے والی نوعمر ٹینس پلیئر بن پاتیں لیکن وائرس کی شکار ہونے پر انھیں اب یہ اعزاز نہیں مل پائے گا۔

میٹیو بریٹینی بھی اولمپکس سے باہر

 ومبلڈن فائنلسٹ میٹیو بریٹینی بھی ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار ہوگئے، ان سے قبل دنیائے ٹینس کے دیگر بڑے نام راجرفیڈرر، سرینا ولیمز، رافیل نڈال اور سیمونا ہالیپ بھی ٹوکیو نہ جانے کا اعلان کرچکے ہیں، اطالوی کھلاڑی کو ومبلڈن کے دوران تھائی انجری لاحق ہوئی تھی اور وہ ابھی تک اس سے مکمل نجات حاصل نہیں کرپائے ہیں۔

آرگنائزرز نے کارڈ بورڈ سے بنے بیڈز کو مضبوط قراردے دیا اولمپکس آرگنائزرز نے کارڈ بورڈ سے بنے بیڈز کو مضبوط قراردے دیا، ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ویلج میں موجود بیڈز خاص طور پر سوشل ڈسٹنس کو یقینی بنانے کیلیے بنائے گئے ہیں، اس پرایک سے زائدشخص بیٹھ ہی نہیں سکتا۔ اس پر آئرش جمناسٹ رہیز میک کلینگھن نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بسترپر چھلانگ لگا رہے ہیں مگر وہ نہیں ٹوٹا۔ منتظمین نے بھی ایک بار پھریقین دہانی کرائی ہے کہ کارڈ بورڈ سے تیار کیے جانے کے باوجود یہ بیڈز انتہائی مضبوط اور 200 کلو گرام سے زائد کا وزن اٹھا سکتے ہیں، ان کی متعدد بار ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔

مینیو میں بریانی، بھنڈی، پالک پنیر سمیت متعدددیسی کھانے شامل ٹوکیو اولمپک ویلج کے مینیو میں بریانی، بھنڈی، پالک پنیر سمیت متعدددیسی کھانے بھی شامل ہیں، انھیں دیکھ کر پاکستانی و بھارتی ایتھلیٹس کا بھی دل خوش ہوگیا۔ عام طور پرایشیائی کھلاڑی انٹرنیشنل مقابلوں میں پسندیدہ کھانا نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں،البتہ اب مینیو میں مکھن نان، پراٹھا، بٹر چکن، سویا پنیر، شاہی پنیر، بھنڈی، شوربہ، باسمتی چاول، بریانی، پالک سمیت کئی دیسی کھانے شامل ہیں، بھارتی چیف ڈی مشن ڈاکٹر پریم ورما نے کہا کہ کھانے کا معیار بہت ہی زبردست ہے، ہمارے ایتھلیٹس کیلیے حیران کن اقدامات کیے گئے ہیں۔