شبھمن کی ڈبل سینچری کے ساتھ ٹیم انڈیا کی فتح

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-01-2023
شبھمن کی ڈبل سینچری کے ساتھ ٹیم انڈیا کی فتح
شبھمن کی ڈبل سینچری کے ساتھ ٹیم انڈیا کی فتح

 

 

حیدرآباد: راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں شبھمن گل نے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری بنا کر دنیا کے سب سے کم عمربلے باز بن گئے ہیں۔ شبمن نے یہ سنگ میل 23 سال اور 132 روز کی عمر میں طے کیا ہے اس سے قبل یہ ایشان کشن کے پاس تھا انہوں نے 24 سال کی عمر میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔

شبھمن گل ایک اور عالمی اعزاز کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن امام الحق اور فخر زمان سے پیچھے رہ گئے جنھوں نے 18 اننگزز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ شبمن گل نے اس کے لیے 19 اننگزز کا سہارا لیا۔ وہ ہندوستانی کرکٹ کے سب سے تیز ہزار رنز کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں

۔ شبھمن گل نے 19 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 208 رنز کی اننگزز کھیلی۔ انہوں نے پہلی سنچری تو 87 گیندوں پر بنائی لیکن دوسری سنچری محض 58 گیندوں پر مکمل کی۔ ان کی اس سنچری کی وجہ سے انڈیا 349 رنز بنانے میں کامیاب ہوا ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز نصف سنچری بھی نہیں بنا سکا ۔

نیوزی لینڈ نے اس پہاڑ جیسےا سکور کو کسی حد تک عبور کر لیا تھا لیکن آخری اوور میں بریسویل کے آؤٹ ہونے سے جیت کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ نیوزی لینڈ ٹیم آخری اوور میں 337 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ بریسویل نے 140 رنز بنائے۔

شبمن گل کی ڈبل سنچری

پنجاب کے شہر فاضلکا میں پیداہونے والے شبمن گل ابتدائی عمر سے قابل اعتماد بلے باز سمجھے جاتے ہیں اور ہندوستانی کرکٹ میں انھیں لمبی ریس کا گھوڑا کہا جاتا ہے جسے بڑے اسکور کرنے کی عادت ہے اس کا اسٹیمنا اور رنز بنانے کے تڑپ اننگز آگے جانےکے ساتھ ساتھ بڑھتی جاتی ہے جب شبھمن گل کو 2018 کے انڈر 19 ورلڈکپ کی ٹیم میں منتخب کیا گیا تو ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے کوچ راہل ڈریوڈ نے ’مستقبل کا کوہلی‘ کہا تھا۔

وہ اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کا آغاز ایک سال قبل ہی کر چکے تھے۔ شبمن گل کے کارنامے ابتدائی عمر میں ہی شروع ہو گئے تھے۔ جب 2014 میں انڈر 16 ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ میں انھوں نے 351 رنز کی اننگزز کھیلی تھی اور ساتھی اوپنر کے ساتھ 587 رنز کی پارٹنرشپ کی تھی۔

انہوں نے اسی دور میں وجے مرچنٹ ٹرافی میں ڈبل سنچری اسکور کی اور ہندوستان کے بہترین جونئیر کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف دو انڈر 19 سیریز میں 600 رنز بنا کر سب کو متوجہ کر لیا تھا۔ انھیں 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا شرف حاصل ہوا لیکن شیکھر دھون اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں ٹیم میں جگہ بنانا مشکل تھا لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث وہ شیکھر دھون کی جگہ لینے میں کامیاب ہو گئے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں دوسری سنچری بنانے کے بعد اب نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ہی میچ میں میں ڈبل سنچری بنانے پرانہیں مستقبل کا مہان بلے بازقرار دیا جا رہا ہے۔ شبھمن 19 میچوں میں 1108 رنز بنا چکے ہیں۔ بریسویل کا لاٹھی چارج مائیکل بریسویل کی اننگز بھی شبمن کی اننگز سے کم نہ تھی انہوں نے ماڈرن کرکٹ کا شاندار نمونہ پیش کیا۔

انہوں نے ایسے وقت میں بیٹنگ کا چارج سنبھالا جب کیویز کے ہاتھ سے میچ نکل چکا تھا 132 پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، لیکن سینٹنر کے ساتھ ان کی 162 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ کو نیوزی لینڈ کی فتح کے قریب پہنچا دیا تھا۔

بریسویل نے 57 گیندوں پرسنچری بنا کر انڈین کیمپ میں ہلچل مچا دی۔ سانٹنر 57 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے لیکن بریسویل نے ہمت نہ ہاری اور آخر تک جدوجہد کرتے رہے۔ آخری اوور میں کیویز کو 20 رنز درکار تھے۔ شاردل ٹھاکر کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر انہوں نے ابتدا کی لیکن دوسری گیند پر وہ 140 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ اور یوں بریسویل کی دلیرانہ اننگز 12 رنز کے فرق سے نیوزی لینڈ کو جیت نہ دلا سکی لیکن ان کی یہ اننگزز ہمیشہ یاد رہے گی۔