ٹی20 ورلڈ کپ : ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2021
ٹی20 ورلڈ کپ : ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا
ٹی20 ورلڈ کپ : ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا

 

 

 دبئی:ٹیم انڈیا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلنے والی اسکاٹ لینڈکی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 17.4 اوورز کے کھیل میں 85 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

رویندرا جدیجا اور محمد شامی 3-3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ ہندوستان نے 86 رنز کا ہدف 6.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت شرما اور کے ایل راہول نے ہندوستان کی جانب سے دھوم مچا دی۔ دونوں نے 30 گیندوں میں 70 رنز جوڑے۔ روہت شرما نے 16 گیندوں میں 30 رنز بنائے جب کہ راہول کے بلے سے صرف 19 گیندوں میں 50 رنز دیکھنے کو ملے۔ روہت کی وکٹ بریڈلی وہیل اور راہول کی وکٹ مارک واٹ کے کھاتے میں آئی۔

ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کا 86 رنز کا ہدف 6 اعشاریہ3 اوورز میں حاصل کرلیا اور گروپ میں رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ ٹیم بن گئی ہے۔

کی طرف سے اوپنر روہیت شرما 16 گیندوں پر 30، کے ایل راہول 19 گیندوں پر 50 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، میچ کا فاتحانہ اسٹروک چھکے کی صورت میں کپتان ویرات کوہلی نے کھیلا۔

ہندوستان میچ میں عمدہ پرفارمنس کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان سے آگے نکل گیا ہے اور ساتھ ہی اس نے اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ اور پاکستان سے بھی بہتر کرلیا ہے۔

 ہندوستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب صرف نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا، اس میچ میں اگر نیوزی لینڈ فاتح ہوئی توہندوستان اور افغانستان ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے۔

افغانستان کی فتح کی صورت میں ہندوستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہت حد تک روشن ہوجائیں گے۔

 کیا ہے صورتحال

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔

پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 4 میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکا ہے جبکہ گروپ کی 6 ٹیموں کو اپنا آخری میچ ابھی کھیلنا ہے، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگئے ہیں۔ جمعے کے روز پہلے نیوزی لینڈ نے نمیبیا اور پھر ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔

گروپ 2 میں پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ہندوستان 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور افغانستان 4 پوائنٹس پر نیٹ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے۔

ہندوستان نے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیکر گروپ 2 میں اپنا رن ریٹ پاکستان ،افغانستان اور نیوزی لینڈ سے بہتر کرلیا ہے۔

اب اگرہندوستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اسے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 7 نومبر کو ہونے والے میچ میں افغانستان کی کامیابی کی دعا کرنی ہوگی اور اپنا 8 نومبر کو ہونے والا نمیبیا کے خلاف آخری میچ جیتنا ہوگا۔

اگر نیوزی لینڈ 7 نومبر کو افغانستان کو شکست دے دیتا ہےتو ہندوستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام اُمیدوں پر پانی پڑ جائے گا۔

نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی جبکہ ہندوستان اور افغانستان اپنی واپسی کی ٹکٹ کٹوائیں گے۔

اس کے علاوہ اگر افغانستان، نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا اور بھارت بھی ہندوستان کیخلاف اپنا میچ جیت گیا تو گروپ 2 میں ہندوستان ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے 6،6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور ہندوستان بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پہنچ جائے

گا۔ 

اس لیے اب ہندوستان کو سیمی فائنل میں پہنچانے کی ذمہ داری ایک طرح سے افغانستان کے کاندھوں پر آگئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری میچ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔