پالیکیلے: ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ منگل کو پالیکیلے میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے 165 رنز کے ہدف کو انگلینڈ نے آخری اوور کی پہلی گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر سنچری اسکور کی جو ٹیم کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار جبکہ عثمان طارق نے دو وکٹیں حاصل کیں تاہم یہ کارکردگی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ اس نتیجے کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی اب دیگر نتائج سے مشروط ہو گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نمایاں رہے جنہوں نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فخر زمان نے 25 رنز بنائے اور اس دوران ٹی20 ورلڈ کپس میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ کا آغاز مشکلات سے بھرپور رہا۔ پہلی ہی گیند پر فل سالٹ بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔ اسی اوور میں جوس بٹلر بھی صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد ہیری بروک نے ذمہ داری سنبھالی اور 50 گیندوں پر 100 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ وہ بھی آخرکار شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
دیگر بیٹرز میں جیکب بیتھل آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹام بینٹن دو رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سیم کرن نے 16 رنز اسکور کیے جبکہ ول جیکس 28 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ جیمی اوورٹن بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ آخر میں لیام ڈاسن ایک رن اور جوفرا آرچر پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے آغاز کیا لیکن صائم ایوب پانچ رنز بنا کر جلد آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا بھی صرف پانچ رنز بنا سکے۔ بابر اعظم 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
فخر زمان نے 16 گیندوں پر 25 رنز بنائے جن میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شاداب خان 23 رنز بنا سکے جبکہ عثمان خان آٹھ رنز پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز کھاتہ نہ کھول سکے۔ شاہین آفریدی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان مرزا دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یاد رہے کہ سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف اس میچ میں پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔