ٹی ٹوئنٹی سیریز :ہندوستان نے آسٹریلیا کو ہرایا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2023
ٹی ٹوئنٹی سیریز :ہندوستان نے آسٹریلیا کو ہرایا
ٹی ٹوئنٹی سیریز :ہندوستان نے آسٹریلیا کو ہرایا

 

تھرواننت پورم :ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ تھرواننت پورم کے گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 44 رنز سے شکست دی تھی۔

ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگرو ٹیم کو 236 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم 20 اوورز میں 191/9 رنز ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس (45) سب سے زیادہ اسکورر رہے۔ کپتان میتھیو ویڈ نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہندوستان کی جانب سے پرسدھ کرشنا اور روی بشنوئی نے شاندار بولنگ کی اور 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ، اکشر اور مکیش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پہلے بلے بازی کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی جانب سے یشسوی جیسوال (53)، ایشان کشن (52) اور رتوراج گائیکواڑ (58) نے نصف سنچریاں بنائیں۔ رنکو سنگھ نے بھی ڈیتھ اوورز میں 9 گیندوں میں 31 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم انہوں نے 4 اوورز میں 45 رنز بھی دیے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کی برتری 2-0 ہوگئی ہے۔

پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہندوستان کو اب 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ ہندوستان نے اس سے قبل وشاکھاپٹنم میں آسٹریلیا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سیریز کا اگلا میچ اب 28 نومبر کو گوہاٹی کے برساپر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اگر ہندوستان وہ میچ بھی جیت جاتا ہے تو اسے سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل ہوگی اور آسٹریلیا اپنی بقا کے لیے کھیلے گا۔