غزہ میں ’بچوں کو قتل بند کرو‘، سپر کپ میچ میں گونج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-08-2025
غزہ میں ’بچوں کو قتل بند کرو‘، سپر کپ میچ  میں گونج
غزہ میں ’بچوں کو قتل بند کرو‘، سپر کپ میچ میں گونج

 



اودینے- یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی یونین (یوئیفا) نے ٹوٹنہم اور پیرس سینٹ جرمین کے درمیان سپر کپ میچ سے قبل میدان میں ایک بڑا بینر آویزاں کر کے، جس پر لکھا تھا "بچوں کو قتل کرنا بند کرو، شہریوں کو قتل کرنا بند کرو"، اپنے ہی ضابطے کی خلاف ورزی کا خطرہ مول لیا۔ یوئیفا کے قوانین کے مطابق میچ سے پہلے، دوران یا بعد میں سٹیڈیم میں کسی بھی سیاسی پیغام کی اجازت نہیں ہوتی۔

یہ بینر کھلاڑیوں کے سامنے اس وقت رکھا گیا جب وہ اودینے کے فریولی اسٹیڈیم میں میچ کے آغاز سے قبل قطار میں کھڑے تھے۔ اگرچہ بینر پر کسی مخصوص جنگ کا ذکر نہیں تھا، تاہم افتتاحی تقریب میں افغانستان، عراق، نائجیریا، فلسطین اور یوکرین جیسے جنگ زدہ علاقوں کے بچوں نے شرکت کی۔

بعد ازاں، غزہ سے تعلق رکھنے والے دو پناہ گزین بچوں نے یوئیفا کے صدر الیگزینڈر سیفرین کے ساتھ میڈل تقریب میں حصہ لیا۔ ان میں سے ایک 12 سالہ طالا نامی فلسطینی بچی تھی، جس کے بارے میں یوئیفا کا کہنا تھا کہ وہ کمزور صحت کی حامل ہے اور جنگ کے آغاز کے بعد غزہ میں طبی آلات کی کمی کے باعث علاج کے لیے میلان منتقل کی گئی۔ دوسرا بچہ 9 سالہ محمد تھا، جس نے غزہ میں ایک فضائی حملے میں اپنے والدین کو کھو دیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب یوئیفا کو لیورپول کے کھلاڑی محمد صلاح کی جانب سے فلسطینی فٹبالر سلیمان العبید المعروف "فلسطینی پیلے" کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر تنقید کا سامنا تھا۔ صلاح کے اس پیغام میں یہ ذکر شامل نہیں تھا کہ العبید اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کے مطابق 41 سالہ العبید کو بدھ کے روز جنوبی غزہ پٹی میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ انسانی امداد کے منتظر شہریوں کے درمیان موجود تھے اور ایک اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا۔

محمد صلاح نے یہ خراجِ عقیدت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کیا اور ساتھ ہی سوال کیا: "کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ وہ کیسے، کہاں اور کیوں مارے گئے؟" اس پوسٹ کو اب تک 15 لاکھ لائکس اور تقریباً 4 لاکھ ری ٹویٹس مل چکے ہیں۔

پی ایف اے کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیل-حماس تنازعے میں فلسطینی فٹبال برادری کے 325 کھلاڑی، کوچز، منتظمین، ریفریز اور کلب بورڈ ممبران جاں بحق ہو چکے ہیں۔