جنوبی افریقہ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2025
جنوبی افریقہ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی
جنوبی افریقہ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

 



 لارڈز: جنوبی افریقہ نے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔

میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ نے 282 رنز کا ہدف ایڈن مارکرم کی شاندار سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ مارکرم نے مشکل حالات میں 136 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ کپتان ٹمبا باوما نے 66 رنز بنائے جبکہ ویان ملڈر نے 27 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔

چوتھے دن کا آغاز جنوبی افریقہ کے 232 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر ہوا۔ کپتان باوما صرف ایک رن کا اضافہ کرکے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ٹرسٹن سٹبس بھی صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مارکرم نے ڈیوڈ بیڈنگھم کے ساتھ 35 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اپنی شاندار اننگز کے بعد وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی ناکامی

تیسرے دن آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 74 رنز کی برتری کے ساتھ کیا لیکن جنوبی افریقہ کے بولرز کے سامنے ان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 218 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر سکی۔ مچل سٹارک 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 17 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لُنگی اینگیڈی اور کیگیسو ربادا نے تین، تین جبکہ ویان ملڈر اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا دباؤ

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز مشکلات کے ساتھ کیا اور پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان باوما نے 36، جبکہ ڈیوڈ بیڈنگھم نے 45 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جو لارڈز کے میدان میں کسی بھی کپتان کی بہترین کارکردگی تھی۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز بھی مشکلات کا شکار

فائنل کے پہلے دن آسٹریلیا کی بیٹنگ بھی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کیگیسو ربادا نے 51 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم آسٹریلیا کی شاندار بولنگ نے جنوبی افریقہ کو بھی دباؤ میں رکھا اور پہلے ہی دن اس کے چار کھلاڑی صرف 43 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کا آئی سی سی ٹائٹل

یہ جنوبی افریقہ کے کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب اس نے کوئی آئی سی سی میگا ایونٹ جیتا ہے۔ ایڈن مارکرم کو ان کی شاندار سنچری اور میچ وننگ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کا خلاصہ:

 

جنوبی افریقہ: 138 & 282/5

 

آسٹریلیا: 212 & 144

 

نتیجہ: جنوبی افریقہ پانچ وکٹوں سے فاتح

 

مین آف دی میچ: ایڈن مارکرم (136 رنز