محمدسراج نے حیدرآباد میں ریسٹورنٹ کھولا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2025
 محمدسراج نے حیدرآباد میں ریسٹورنٹ کھولا
محمدسراج نے حیدرآباد میں ریسٹورنٹ کھولا

 



حیدرآباد (پی ٹی آئی) کرکٹر محمد سراج نے خوراک کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے حیدرآباد شہر کے قلب میں اپنے پہلے ریستوران جوہرفہ کا آغاز کیا ہے۔جوہرفہ میں مغلئی مصالحوں، فارسی اور عربی کھانوں کے ساتھ چینی ذائقوں پر مشتمل متنوع مینو پیش کیا جائے گا۔

ایک پریس ریلیز میں سراج نے کہاکہ جوہرفہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ حیدرآباد نے مجھے میری شناخت دی، اور یہ ریستوران میری طرف سے اس شہر کو کچھ لوٹانے کی ایک کوشش ہے جہاں لوگ اکٹھے ہوں، کھانے کا لطف اٹھائیں اور وہ ذائقے چکھیں جو گھر جیسے محسوس ہوں۔

ریستوران کی نگرانی تجربہ کار شیفوں کی ٹیم کر رہی ہے۔ سراج نے بتایا کہ جوہرفہ میں تازہ اور اعلیٰ معیار کی اشیاء استعمال کی جائیں گی اور کھانوں کی تیاری میں روایتی طریقوں پر زور دیا جائے گا۔اس ریستوران کے آغاز کے ساتھ سراج اُن کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو کھیل کے دائرے سے آگے جا کر اپنی جڑوں سے جڑے رہتے ہوئے کاروبار میں قدم رکھ رہے ہیں۔ ان سے پہلے سچن ٹنڈولکر اور سورو گنگولی جیسے عظیم کھلاڑی بھی ریستوران چلانے کی کوشش کر چکے ہیں۔ویرات کوہلی کا بھی دہلی میں ایک ریستوران ہے۔

 جوہرفہ ریستوران کا اندرونی منظر مغلیہ طرزِ تعمیر سے گہرائی میں متاثر ہے۔ یہاں قدیم طرز کے روشن لیمپ، خوبصورت کلاسیکی محرابیں اور حیدرآبادی طرز کی نفیس سجاوٹ ماحول کو بے حد دلکش اور پرکشش بناتی ہیں۔ یہ فضاء آنے والوں کو روایتی خوشبو اور احساس کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔

مینو میں حیدرآبادی بریانی، حلیم، کباب اور دیگر روایتی پکوان شامل ہیں، جبکہ جدید ذائقوں کی آمیزش سے بنی فیوژن ڈشز جیسے چکن تکہ سلائیڈرز اور مٹن بھرے پراٹھے بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔محمد سراج کے بڑے بھائی محمد اسمعیل اور ان کے پارٹنر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایسا کھانا پیش کریں جو گھر کی طرح مانوس ہو، لیکن ہر نوالہ منفرد ذائقے سے بھرپور ہو۔عوام کی بے پناہ دلچسپی اور پہلے ہی دن غیر معمولی حاضری نے ثابت کر دیا ہے کہ محمد سراج نے فوڈ انڈسٹری میں بھی اپنی کامیابی کی ایک نئی اننگز شروع کر دی ہے۔