ایشیا کپ : پاکستانی ہاکی ٹیم انڈیا نہیں آئے گی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
 ایشیا کپ :  پاکستانی  ہاکی ٹیم  انڈیا نہیں  آئے گی
ایشیا کپ : پاکستانی ہاکی ٹیم انڈیا نہیں آئے گی

 



اسلام آباد : پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری سیاسی اور سرحدی کشیدگی نے ایک بار پھر کھیل کے میدان کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ رواں سال انڈیا میں ہونے والے کسی بھی ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنی قومی ٹیم نہیں بھیجے گا، جس میں ایشیا کپ اور جونیئر ورلڈ کپ شامل ہیں۔ پاکستان کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا ہے، جو ممکنہ طور پر اگلے سال نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ہونے والے سینئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

ایک سرکاری ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر  بتایا کہ"حالیہ سرحدی جھڑپوں کے بعد کھلاڑیوں کی سلامتی کو سنجیدہ خطرات لاحق ہیں، اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ٹیم انڈیا نہیں جائے گی۔یاد رہے کہ مئی میں دونوں ملکوں کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والی جھڑپ میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد دوطرفہ تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے تھے۔

ایشیا کپ اور جونیئر ورلڈ کپ بھی متاثر

پاکستانی ہاکی ٹیم کو اگست اور ستمبر میں ہندوستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کرنا تھی، جس کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے اجازت طلب کی تھی۔ذرائع کے مطابق پاکستان نومبر میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شریک نہیں ہوگا۔

عالمی درجہ بندی پر منفی اثر

ماضی میں تین اولمپک گولڈ میڈلز اور چار عالمی ٹائٹل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم اب عالمی درجہ بندی میں 15ویں نمبر پر ہے۔ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کے لیے 2026 کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔

دفتر خارجہ خاموش، حکومت کی دو ٹوک پالیسی

پاکستان کے ایک اور سرکاری اہلکار نے بھی  پاکستان کی عدم شرکت کے فیصلے کی تصدیق کی، تاہم وزارت خارجہ کی جانب سے اس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ماضی کا پس منظر

انڈیا نے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ تمام دوطرفہ کھیلوں کے تعلقات معطل کر دیے تھے۔ ان حملوں کا الزام ہندوستان نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں پر لگایا تھا۔کرکٹ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا کھیل ہے، اور اب دونوں ملک صرف بین الاقوامی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔حال ہی میں انڈیا نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث انڈین ٹیم کے میچز اور فائنل دبئی منتقل کر دیے گئے۔

پاکستان نے بھی اب جوابی قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی خواتین کرکٹ ٹیم کو نہ تو 2025 میں انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھیجے گا اور نہ ہی 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے۔متبادل کے طور پر یہ میچز سری لنکا یا کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔پاکستان کی ہاکی ٹیم نے آخری بار 2023 میں انڈیا کا دورہ کیا تھا، جہاں ایشین چیمپئنز ٹرافی میں چھ ٹیموں میں پانچویں نمبر پر رہی تھی۔اب جبکہ کھیل بھی پاک ہندوستان تعلقات کی نذر ہو رہے ہیں، شائقین کھیل دونوں ممالک کے درمیان سفارتی بہتری کے منتظر ہیں تاکہ کھیل کے میدانوں میں امن اور مسابقت کی روایت بحال ہو سکے۔