نئی دہلی تجربہ کار کرکٹ منتظم راجیو شکلا بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق، آئندہ ماہ راجر بِنّی کے 70 برس کی عمر کو پہنچنے کے بعد عبوری طور پر بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ سنبھالنے جا رہے ہیں۔بنی ، جنہوں نے 2022 میں سورو گنگولی کی جگہ بورڈ کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا، 19 جولائی کو 70 برس کے ہو جائیں گے، جو بی سی سی آئی کے عہدیداروں کے لیے مقررہ عمر کی حد سے زیادہ ہے۔راجیو شکلا، جن کی عمر 65 برس ہے، اس وقت بی سی سی آئی کے نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ عہدہ وہ 2020 سے سنبھالے ہوئے ہیں۔
وہ ستمبر میں بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم ) میں ہونے والے نئے انتخابات تک فعال صدر کے طور پر کام کریں گے۔بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے کہاکہ"روایت کے مطابق، سینئر ترین عہدیدار ایسی صورت میں چارج سنبھالتا ہے۔ وہ (شکلا) یہ کردار نئے انتخابات تک ادا کریں گے۔کانگریس پارٹی کے راجیہ سبھا رکن راجیو شکلا اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔حالیہ برسوں میں، سی کے کھنہ نے 2017 سے 2019 تک بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کے طور پر کام کیا تھا، جب سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے 33 ماہ تک بورڈ کا انتظام سنبھالا ہوا تھا۔
بِنّی، جو کہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں، تین سال قبل دنیا کے سب سے دولت مند کرکٹ بورڈ کے صدر بنے تھے۔راجر بِنّی کرکٹ کے عظیم آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے ہیں اور وہ 1983 کے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے، جس کی قیادت کپل دیو نے کی تھی۔بعد ازاں، انہوں نے انڈیا انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کی، جس نے 2000 میں اپنی عمر کی سطح کا آئی سی سی ورلڈ کپ جیتا۔