ایجبیسٹن:ہندوستان کے نوجوان کپتان شبھمن گل نے ہفتے کے روز انگلینڈ کے خلاف ایجبیسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔ 25 سالہ شبھمن گل نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 161 رنز کی جاندار باری کھیلی، جب کہ اس سے قبل پہلی اننگز میں 269 رنز کی بڑی اننگز کھیل چکے تھے۔ یوں ان کے ایک ہی میچ میں مجموعی رنز 430 ہو گئے۔ٹیسٹ کرکٹ کی طویل تاریخ میں اب تک صرف پانچ بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے کسی ایک میچ میں 400 یا اس سے زیادہ رنز اسکور کیے ہیں۔ اس فہرست میں شبھمن گل نے دوسرے نمبر پر اپنی جگہ بنائی ہے۔ اس فہرست میں سرفہرست انگلینڈ کے لیجنڈ گراہم گوچ ہیں، جنہوں نے 1990 میں لارڈز میں ہندوستان ہی کے خلاف 456 رنز بنائے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز:
1️⃣ گراہم گوچ (انگلینڈ) – 456 رنز (333 اور 123) بمقابلہ ہندوستان، لارڈز، 1990
2️⃣ شبھمن گل (ہندوستان) – 430 رنز (269 اور 161) بمقابلہ انگلینڈ، ایجبیسٹن، 2025
3️⃣ مارک ٹیلر (آسٹریلیا) – 426 رنز (334 ناٹ آؤٹ اور 92) بمقابلہ پاکستان، پشاور، 1998
4️⃣ کمار سنگاکارا (سری لنکا) – 424 رنز (319 اور 105) بمقابلہ بنگلہ دیش، چٹاگانگ، 2014
5️⃣ برائن لارا (ویسٹ انڈیز) – 400 ناٹ آؤٹ بمقابلہ انگلینڈ، سینٹ جانز، 2004
ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے مئی 2025 میں شبھمن گل کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی۔ انہوں نے تجربہ کار کپتان روہت شرما کی جگہ لی، جو آخری بار دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کر چکے تھے۔
شبھمن گل نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو دسمبر 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا۔ تب سے اب تک وہ 32 ٹیسٹ میچوں میں 35.05 کی اوسط سے 1893 رنز بنا چکے ہیں۔ صرف 25 برس اور 258 دن کی عمر میں وہ ہندوستان کے ٹیسٹ کپتان بننے والے پانچویں سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔
انگلینڈ کے اس اہم دورے کے لیے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
شبھمن گل 8 ستمبر 1999 کو پنجاب کے ضلع فاضلکا میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں اور آف بریک گیند بازی بھی کر لیتے ہیں، جب کہ ان کا اصل کردار اوپننگ بلے باز کا ہے۔
شبھمن گل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہیں۔ اس سے قبل وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان، پنجاب، انڈر-19 ٹیموں اور جونیئر سطح پر بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔
آئی پی ایل 2024 میں انہیں پہلی مرتبہ گجرات ٹائٹنز کی قیادت سونپی گئی۔ اگرچہ وہ ٹیم کو پلے آف تک نہیں لے جا سکے، لیکن یہ ان کا مسلسل پانچواں سیزن رہا جس میں انہوں نے 400 سے زیادہ رنز بنائے۔
شبھمن گل کی یہ حالیہ اننگز ان کے کیریئر کی یادگار کامیابیوں میں شامل ہو گئی ہے، جس نے نہ صرف شائقین کرکٹ بلکہ ماہرین کو بھی ان کی بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کا معترف بنا دیا ہے۔
شبمن گل کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم ایجبسٹن میں اپنی پہلی ٹیسٹ جیت درج کرنے کے ارادے سے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن میدان میں اترے گی۔ بھارت کو جیت کے لیے مزید سات وکٹیں درکار ہوں گی جبکہ انگلینڈ کو ناممکن فتح حاصل کرنے کے لیے 536 رنز درکار ہیں۔ انگلینڈ کی 'باز بال' اپروچ کا آج کڑا امتحان ہوگا، بھارت نے انگلینڈ کو 608 رنز کا ہدف دیا تھا۔ چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کا سکور 72/3 ہے۔ بھارتی فاسٹ بولرز آکاش دیپ اور محمد سراج نے شاندار بولنگ کی، ایک بار پھر سب سے زیادہ توقعات پانچویں دن ان بولرز سے ہوں گی۔ دوسری جانب آج موسم بھی اہم کردار ادا کرنے والا ہے۔ موسم کے حوالے سے اپ ڈیٹ یہ ہے کہ مطلع ابر آلود رہے گا اور بارش کا بھی امکان ہے۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بارش ہندوستان کے لیے ولن بنے گی یا بارش انگلینڈ کو بچانے کا کام کرے گی