‘شاہ رخ خان : کرکٹ میں نیا’ بازی گر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2021
شاہ رخ خان
شاہ رخ خان

 

 

نئی دہلی ۔ شاہ رخ خان یہ نام زبان پر آتا ہے تو ہم سب کی نظروں میں فلمی دنیا کے ’بادشاہ’یا ’بازی گر’کے کردار کے ساتھ ایک ہی چہرہ سامنے آجاتا ہے ۔لیکن اب اگر کسی اخبار میں آپ کو کہیں ’شاہ رخ خان’کا نام آیا تو آپ کو دیکھنا پڑے گا کہ بات کس شاہ رخ کی ہورہی ہے۔ کیونکہ اب فلمی شاہ رخ کے ساتھ ایک اور ہندوستانی شاہ رخ خان سامنے  ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ شاہ رخ خان فلموں میں نہیں بلکہ کرکٹ میں ہے۔جس نے گھریلو کرکٹ میں اپنی موجودگی تو بہت پہلے درج کرادی تھی لیکن اب انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل میں یہ شاہ رخ خان چھانے کےلئے آگئے ہیں۔

ہندوستانی کرکٹ کی دہلیز پر دستک دے رہا ہے ایک اور بازی گر۔ ایک اور بادشاہ۔ ایک اوردلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شاہ رخ خان کی زندگی میں فلمی اداکارہ پرٹی زنٹاکسی نہ کسی کردار میں موجود ہیں۔ شاہ رخ خان کی کئی فلموں میں اگر پرٹی زنٹا بحیثیت ہیروئن ساتھ رہیں تو اب کرکٹر شاہ رخ خان کی زندگی میں پرٹی زنٹا ’باس’ کی شکل میں موجود رہیں گی جو پنجاب کنکس کی مشترکہ مالکن بھی ہیں۔

 

اب کرکٹر شاہ رخ خان آئی پی ایل 2021 میں ایک نئی دھاک جمانے کےلئے تیار ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ گھر والوں کا خواب تھا کہ وہ بھی فلمی دنیا کا شاہ رح بنے لیکن قسمت میں کچھ اور لکھا تھا۔ شاہ رخ میں فلمی جراثیم تو نہیں پیدا ہوسکے مگر کرکٹ کا بخار ضرور چڑھ گیا۔ان کی والدہ نے اپنی بہن کے کہنے پر اس کا نام بالی ووڈ کے شہنشاہ شارخ خان کے نام پر رکھا تھا  لیکن وہ سنیما کے بجائے کرکٹ کی جانب مڑ گئے۔شاہ رخ نے کہا کہ میری والدہ کی بہن شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔ انہوں نے ہی نے میرا نام ان پر رکھا۔

shah

صرف شاہ رخ خان بلکہ اہل خاندان اور ان کے دوستوں کےلئے ایک بڑی خبر بنی۔ایک بڑا نام بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کی صلاحیت کے معیار کو آئی پی ایل کی نیلامی کے دوران پہچانا گیا تھا اوراس طرح ان پر لگنے والی بولی کی مالیت 5.25 کروڑ روپے تک پہنچی۔

بیٹسمین شاہ رخ پر اعتماد ہیں کہ وہ بڑے شاٹس لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چینئی میں منعقدہ نیلامی میں پنجاب کنگز نے تامل ناڈو کے اس باصلاحیت بلے باز شاہ رخ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ شاہ رخ کی بیس پرائس 20 لاکھ روپے تھی۔ شاہ رخ کی عمر ابھی صرف 25 سال ہے- جب شاہ رخ 14 سال کے تھے تو انہوں نے چینئی سپر کنگز جونیئر ٹورنامنٹ میں بہترین آل راؤنڈر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ آئی پی ایل نیلام گھر میں پہلی کامیابی کے بعد بہت خوش ہیں اور اب امید کرتے ہیں کہ آئی پی ایل کے پلیٹ فارم کا بھر پور استعمال کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ میں ’پرٹی زنٹا‘ سے ملاقات کا خواہاں ہوں۔

جب آئی پی ایل کے نیلام گھر میں شاہ رخ خان کی ڈیمانڈ اور بھاو کی خبر تمل ناڈو کی ٹیم کو ملی تو ٹیم نے بس میں ہی اس کا جشن منایا۔

 

شاہ رخ نے سید مشتاق علی ٹرافی میں تمل ناڈو کے لئے اچھا مظاہرہ کیا۔انہوں نے ہماچل پردیش کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں 19 گیندوں پر ناقابل شکست 40 رن بنائے۔ اس کے علاوہ فائنل میچ میں شاہ رخ نے بڑودہ کے خلاف سات گیندوں پر ناقابل شکست 18 رن بنائے۔ تمل ناڈو نے اس میچ کو جیت کر سید مشتاق علی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ شاہ رخ نے اب تک تمل ناڈو کے لئے پانچ فرسٹ کلاس ، 20 ون ڈے اور 31 ڈومیسٹک ٹی 20 میچ کھیلے  ہیں ۔

اپنے کھیل کے بارے میں شاہ رخ کہتے ہیں کہ جب میں جوان تھا تو میں آف اسپن بولنگ کرتا تھا۔ لیکن پچھلے کچھ سالوں سے میں نے تیز بولنگ شروع کی ہے۔ آر وینکٹیش تمل ناڈو کے سینئر سلیکٹر اور شاہ رخ کے کیریئر کے ابتدائی کوچ رہے ہیں- ان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ 10-15 سال کی عمر سے بہت اچھے آل راؤنڈررہے ہیں ۔وہ گیند کو بڑی خوبصورتی سے ہٹ کرتے تھے۔

 

shahrukh

شاہ رخ خان جنوب کے فلمی سپر اسٹار رجنی کانت کے ساتھ

انہوں نے تمل ناڈو کے لئے متعدد ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید مشتاق علی ٹرافی کے اس سیزن میں شاہ رخ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہمیں یقین تھا کہ اس آئی پی ایل میں انہیں اچھی قیمت پر خریدا جائے گا۔ وہ طویل فارمیٹ میں بھی کھیل سکتا ہے۔ وہ کسی بھی کنڈیشن میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔