ٹی-20 ورلڈکپ: 2022 کے لیے سات مقامات کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
ٹی-20 ورلڈکپ: 2022 کے لیے سات مقامات کا اعلان
ٹی-20 ورلڈکپ: 2022 کے لیے سات مقامات کا اعلان

 


دبئی: ٹی -20 کرکٹ ورلڈکپ 2021 کی فاتح ٹیم آسٹریلیا کا جشن ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ برس ہونے والی محدود طرز کی کرکٹ کے میگا ایونٹ کے وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔

پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والا آسٹریلیا 2022 میں ایونٹ کے آٹھویں ایڈیشن کی میزبانی کرے گا جس کا آغاز سولہ اکتوبر 2022 سے ہو گا۔

میگا ایونٹ میں فائنل اور سیمی فائنل سمیت مجموعی طور پر 45 میچز کھیلے جائیں گے اور میچز کے لیے سات شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے میچز میلبرن، پرتھ، سڈنی، برسبین، ایڈیلیڈ، ہوبارٹ اور گیلونگ میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کے دو سیمی فائنل سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم اور ایڈیلیڈ اوول میں بالترتیب نو اور 10 نومبر کو ہوں گے جب کہ فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں رواں برس ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گزشتہ برس ہونا تھا اور اس کا میزبان بھارت تھا۔ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث اسے اکتوبر 2021 تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کی نئی چیمپئن آسٹریلیا اور رنر اپ نیوزی لینڈ سمیت پاکستان، ہندوستان، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں رینکنگ میں سب سے اوپر ہیں اور آئندہ برس ہونے والے ایونٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر چکی ہیں۔