سیکیورٹی الرٹ: نیوزی لینڈ کا دورہ پاک شروع ہونے سے پہلے ہی ختم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2021
پاکستان میں مایوسی کی لہر
پاکستان میں مایوسی کی لہر

 

 

آواز دی وائس : نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اپنا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے جاری سیکورٹی الرٹ کے بعد کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال بعد ہفتہ کو پاکستان پہنچی تھی ۔

دورہ پاکستان کے موقع پر کیوی ٹیم کو تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل کی سیریز کھیلنے تھے۔ ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے ہی ہونا تھا۔

 دونوں ٹیمز کے مابین ون ڈے میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز ڈھائی بجے ہونا تھا مگر دو بجے ٹاس کے وقت دونوں ٹیمز گراؤنڈ میں نہیں پہنچی تھیں۔

جس کے بعد میچ کے انعقاد پر شکوک شبہات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے۔

ٹاس کی تاخیر پر جب انتظامیہ سے سوال کیا گیا تو پہلے ان کی طرف سے یہی معلومات دی گئیں کہ کچھ کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے مگر بعد سکیورٹی صورت حال کو وجہ قرار دیا گیا۔ گراؤنڈ میں میڈیا براڈکاسٹرز نے اپنا سامان بند کر دیا اور جو چند شائقین سٹیڈیم میں داخل ہو پائے تھے وہ بھی منسوخی کی خبر کے بعد سٹیڈیم سے کوچ کر گئے۔

 پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ انہیں جو مشورہ مل رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پہلے میچ کے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہی سیریز کے خاتمے کے اعلان نے شائقین کرکٹ کو مایوس کردیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین کرکٹ کیوی ٹیم پر غم و غصے کا اظہار کررہی ہے ، وہیں کچھ صارفین اس صورتحال پر بھی میمز بنانے میں مصروف ہے۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں ٹیم واپس جارہی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ اور پاکستانی حکومت نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے، جبکہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سےبھی بات چیت کی۔

چیف ایگزیکٹیو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی واپسی کے انتظامات کیئے جا رہے ہیں، ہماری حکومت نے سیریز ختم کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی الرٹ پر کیا ہے۔ ڈیوڈ وائیٹ نے بتایا کہ ہمارے لیے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، موجودہ حالات میں ہمارے پاس یہی آپشن تھا۔ چیف ایگزیکٹیو نیوزی لینڈ کرکٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پی سی بی کے لیے یہ بہت بڑا دھچکا ہے۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

 پی سی بی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بتایا کہ ہمارا انٹیلی جنس سسٹم دنیا کےبہترین انٹیلی جنس سسٹم میں سےایک ہے، ان کا مزید کہناتھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کیلئےکوئی سیکیورٹی تھریٹس نہیں ہے۔

 پی سی بی نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سیکیورٹی حکام پاکستانی حکومت کی جانب سےسیکیورٹی اقدامات پر مطمئن تھے۔

کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ پی سی بی سیریز شیڈول کے مطابق چاہتا ہے، تاہم دنیا بھر کےکرکٹ شائقین کو اس آخری لمحے میں کئے گئے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔

سیکیورٹی حکام اور پی سی بی نے کئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو قائل کرنےکی کوشش کی تاہم منانے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔

 واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈےاور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

پاکستانی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب سے کچھ دیر قبل وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان نے یقین دلایا کہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی میسر ہے اور پی سی بی کے مطابق خود نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی نے پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

 وزیر نے یہ بھی کہا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کے خطرہ نہیں ہے۔