اورلینڈو: سعودی عرب کے معروف فٹ بال کلب الہلال نے کلب ورلڈ کپ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کی طاقتور ٹیم مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔پیر کی رات امریکی شہر اورلینڈو میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ مقررہ وقت میں برابر رہا، جس کے بعد اضافی وقت میں الہلال نے فیصلہ کن گول کر کے میچ اپنے نام کیا۔میچ کا سب سے اہم لمحہ 112ویں منٹ میں آیا جب مارکوس لیونارڈو نے فیصلہ کن گول کر دیا، جس کے بعد اسکور چار-تین ہوگیا اور الہلال کی فتح یقینی بن گئی۔الہلال کی جانب سے مارکوس لیونارڈو نے دو گول کیے جبکہ میلکم اور کالیدو کاؤلیبیلے نے ایک ایک گول کرکے ٹیم کی برتری میں حصہ ڈالا۔
مانچسٹر سٹی کے گول اسکورر
دوسری جانب مانچسٹر سٹی کی طرف سے برنارڈو سلوا، ایرلنگ ہالینڈ اور فل فوڈن نے ایک ایک گول کیا، تاہم ٹیم یہ میچ اپنے حق میں نہ کر سکی۔
اہم لمحات
اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں الہلال کے کاؤلیبیلے نے کارنر کک پر شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول کی برتری دلائی۔
یہ کارنر روبن نیوز نے لگایا تھا جس پر کاؤلیبیلے نے چھلانگ لگا کر گیند کو گول کیپر اینڈرسن کے بائیں جانب سے جال میں پہنچا دیا۔
میچ کے دوران مانچسٹر سٹی کو بھی کئی سنہری مواقع ملے۔
84ویں منٹ میں مینوئل اکانجی نے کارنر پر ہیڈر کیا جو گول پوسٹ کے دائیں کونے کو چھوتا ہوا باہر چلا گیا، اور ہالینڈ بھی اس موقع کو گول میں تبدیل نہ کر سکے کیونکہ الہلال کے علی لاجامی نے بروقت دفاع کیا۔ایک اور موقع پر اینڈرسن نے نصر الدواسری کی کک کو روکا، مگر میلکم نے دوبارہ کوشش کر کے گیند کو گول کی طرف دھکیلا، جسے مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی نے روک دیا۔ اس کے بعد گیند سیدھی لیونارڈو کے پاس پہنچی جنہوں نے بڑی مہارت سے ہیڈر کر کے فیصلہ کن گول کر دیا۔