سرفراز خان نے اپنے بلے سے تباہی مچا دی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2025
سرفراز خان نے اپنے بلے سے تباہی مچا دی
سرفراز خان نے اپنے بلے سے تباہی مچا دی

 



 :چنئی- رنجی ٹرافی میں ابھی چند ماہ باقی ہیں لیکن چنئی میں 18 اگست سے شروع ہونے والا اور 9 ستمبر تک جاری رہنے والا بوچی بابو ٹورنامنٹ ریاستی ٹیموں کے لیے سرخ گیند کے ساتھ اپنی تیاری کو بہتر بنانے کا سنہری موقع لے کر آیا ہے۔ دلیپ ٹرافی 28 اگست سے شروع ہونے جارہی ہے، اس لیے کئی بڑے کھلاڑی علاقائی ٹورنامنٹس میں مصروف ہوں گے۔ بوچی بابو ٹورنامنٹ، جو 12 سال بعد 2023 میں دوبارہ شروع ہوا، طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں تال پکڑنے کے لیے ریاستی ٹیموں کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔

 ممبئی کے بلے باز سرفراز خان نے شاندار سنچری بنا کر ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کیا ہے۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سرفراز نے مشکل حالات میں اننگز کو سنبھالا۔ جب وہ کریز پر آئے تو ممبئی کا اسکور تین وکٹ پر 98 رنز تھا، تب انہوں نے اپنے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 92 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 9 چوکے اور 3 چھکے لگائے

یہ سنچری ان کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ انھیں حالیہ دورہ انگلینڈ کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ ٹیم سلیکشن سے باہر ہونے کے بعد سرفراز نے اپنی فٹنس پر توجہ دی اور ڈیڑھ ماہ میں تقریباً 17 کلو وزن کم کر کے سب کو حیران کر دیا۔ وزن کم کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا میچ ہے اور اس میں انہوں نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ اب سرفراز خان کی نظریں ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے پر لگی ہوئی ہیں۔