وجے ہزارے ٹرافی: سرفراز خان نے کی تاریخ رقم ۔ 15 گیندوں پر نصف سنچری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2026
وجے ہزارے ٹرافی: سرفراز خان نے کی  تاریخ رقم ۔  15 گیندوں پر نصف سنچری
وجے ہزارے ٹرافی: سرفراز خان نے کی تاریخ رقم ۔ 15 گیندوں پر نصف سنچری

 



 نئی دہلی :ہندوستانی کرکٹ کی رن مشین کہلانے والے سرفراز خان نے محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ جمعرات 8 جنوری 2026 کو وجے ہزارے ٹرافی میں پنجاب کے خلاف مقابلے کے دوران ممبئی کے بلے باز نے صرف 15 گیندوں میں نصف سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ انہوں نے ہندوستان کے لیے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اس دھواں دار اننگز میں سرفراز خان نے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اوپنر ابھیشیک شرما کی گیند بازی پر بھرپور حملہ کیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں 3 چھکے اور 3 چوکے لگا کر 30 رنز بٹورے۔ اس جارحانہ کھیل نے جے پور گراؤنڈ میں موجود شائقین کو جذباتی کر دیا اور کئی آنکھیں نم ہو گئیں۔

سرفراز خان نے 15 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کر کے 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ مہاراشٹرا کے ابھیجیت کالے کے نام تھا جنہوں نے 1995 میں 16 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔ بعد ازاں 2021 میں بڑودہ کے عتید سیٹھ نے بھی 16 گیندوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ اب سرفراز خان 15 گیندوں میں نصف سنچری بنا کر ہندوستان کے لیے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ یہ کارکردگی دنیا کی چوتھی تیز ترین نصف سنچری بھی شمار کی جا رہی ہے۔

 

میچ کی بات کی جائے تو پنجاب نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 216 رنز بنائے۔ 217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی شروعات خاصی خراب رہی۔ تیسرے نمبر پر آنے والے سرفراز خان نے میچ کا رخ بدلنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں میں 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شریاس آئر نے 45 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ تاہم دوسرے سرے سے سوریہ کمار یادو 15 شیوم دوبے 12 اور ہاردک تمور 15 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہو گئے۔ جیت کے لیے صرف 4 رنز درکار تھے اور 4 وکٹیں باقی تھیں لیکن ممبئی کی پوری ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح ممبئی کو ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

چنئی سپر کنگز اور شائقین کے لیے یہ خبر حوصلہ افزا ہے کہ سرفراز خان اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔ وہ موجودہ ٹورنامنٹ میں ایک میچ میں 157 رنز کی اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔ چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل 2026 کی نیلامی میں انہیں 75 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں سرفراز خان آئی پی ایل میں کس طرح کی آتشیں کارکردگی پیش کرتے ہیں۔