جدہ: عالمی فٹ بال کے سب سے بڑے ستاروں میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے کلب ’النصر‘ کے ساتھ اپنے سفر کو مزید طول دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس معاہدے میں دو سال کی توسیع کر دی ہے۔ اس طرح وہ 2027 تک النصر کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
سعودی پرو لیگ نے جمعرات کو باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کیا کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے عظیم فارورڈ نے اپنے نئے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کی بدولت رونالڈو اپنی 42 ویں سالگرہ سے قبل ہی سعودی عرب میں مزید دو سال فٹ بال کھیلیں گے۔النصر کلب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا
کرسٹیانو رونالڈو 2027 تک النصر کے ساتھ رہیں گے۔گزشتہ برس بھی النصر کلب نے رونالڈو کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ رواں برس جنوری میں روشن پروفیشنل لیگ ویب کو دیے گئے انٹرویو میں رونالڈو نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں کھیلنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اپنی آمد کو ’’اعزاز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سعودی پرو لیگ میں شامل ہونے والے سب سے پہلے عالمی سپر سٹار ہیں۔انہوں نے مزید کہا: ’’میں یہاں بہت خوش ہوں، میرا خاندان خوش ہے اور ہم نے اس خوب صورت ملک میں ایک نئی زندگی شروع کی ہے۔‘‘
یادگار لمحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ 2023 میں الہلال کے ساتھ شاہ سلمان کپ کا پہلا فائنل ’’انتہائی دلچسپ اور پُرجوش‘‘ تھا۔واضح رہے کہ رونالڈو نے 2022 میں برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریاض کے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ النصر کی جانب سے اب تک 105 میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 93 گول کر چکے ہیں۔