روہت شرماہندوستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2021
روہت شرماہندوستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان
روہت شرماہندوستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان

 

 

ممبئی : روہت شرما کو وراٹ کوہلی کی جگہ انڈین ٹی20 کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان نامزد کردیا گیا ہے۔  یہ اعلان آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے انڈین ٹیم کے باہر ہونے کے بعد بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے جمعرات کو کیا گیا۔

بی سی سی آئی کی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 34 سالہ اوپننگ بیٹسمین کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کے اعلان کے موقع پر کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

 وراٹ کوہلی نے 2017 میں ٹی20 ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور انہوں نے کام کے دباؤ کے باعث رواں برس سمتبر میں ہی ٹی20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا، تاہم وہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

روہت شرما کو ایک ایسے وقت میں ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جب آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی نہ کرسکی جبکہ دوسری جانب روی شاستری کی جگہ سابق مایہ ناز بلے باز راہل ڈراوڈ کو کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

دائیں ہاتھ سے کھیلے والے بلے باز روہت شرما نے انڈین ٹیم کی جانب سے 2007 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ انہوں نے 2013 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ روہت شرما انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی قیادت کرتے ہوئے پانچ مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں جب کہ کوہلی کی قیادت میں رائل چیلنجرز بینگلور کی ٹیم ایک مرتبہ بھی یہ ایونٹ نہیں جیت سکی ہے۔

وراٹ کوہلی کا نام آرام دینے کی غرض سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ فاسٹ بولرز محمد شامی، جسپریت بُمرا اور بولنگ آل راؤنڈر روندرا جدیجا کو بھی اس سیریز کے لیے آرام کرنے کا کہا گیا ہے۔ یاد رہے کہ انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 17نومبر سے سیریز کا آغاز ہورہا ہے جس میں تین ٹی20 میچز کے علاوہ دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔