دبئی :بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے مستقبل سے متعلق چہ مگوئیوں کے درمیان، ہندوستانی اوپنر روہت شرما بدھ کو جاری ہونے والی آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔38 سالہ روہت، جو 2025 آئی پی ایل کے بعد سے کسی مقابلہ جاتی کرکٹ میں نہیں کھیلے، نے پاکستان کے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑا جو حالیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کیریبین میں اختتام پذیر ون ڈے سیریز میں ناکام کارکردگی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
روہت 756 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ہندوستان کے ٹیسٹ کپتان شبھمن گل (784 پوائنٹس) سے پیچھے ہیں، جو پہلے نمبر پر قائم ہیں۔ سابق کپتان ویرات کوہلی 736 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔روہت اور کوہلی دونوں نے انگلینڈ کے دورے سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ ون ڈے کرکٹ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ممکنہ طور پر اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
روہت نے اپنے کیریئر کے سب سے زیادہ 882 رینکنگ پوائنٹس 2019 ورلڈ کپ میں حاصل کیے تھے، جب انہوں نے ٹورنامنٹ میں ریکارڈ پانچ سنچریاں اسکور کی تھیں۔ دونوں اسٹار بلے باز آخری بار اس سال یو اے ای میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی فاتح مہم کے دوران ون ڈے میچ میں نظر آئے تھے۔ہندوستان کے پانچ بلے باز موجودہ وقت میں ون ڈے بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ 15 میں شامل ہیں — شریاس آئر آٹھویں اور کے ایل راہل پندرھویں پوزیشن پر ہیں۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں ترقی
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے ان فارم بلے بازوں نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمایاں ترقی کی۔ آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ چھ درجے ترقی کے بعد دسویں نمبر پر آگئے، جبکہ کیمرون گرین بھی چھ درجے اوپر آکر 17ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔جنوبی افریقہ کے نوجوان ڈیوالڈ بریوس، جنہوں نے ڈارون میں دوسرا میچ 125 رنز کی شاندار اننگز سے جیتا، ٹاپ 100 سے چھلانگ لگا کر 21ویں نمبر پر آگئے۔ ٹرسٹن سٹبس بھی 12 درجے ترقی کے ساتھ 27ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تین درجے اوپر ہو کر 20ویں، کگیسو ربادا 15 درجے ترقی کے بعد 44ویں اور لونگی نگیڈی 14 درجے بڑھ کر 50ویں نمبر پر آگئے۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں پیش رفت
زمبابوے کے خلاف 0-2 کی سیریز جیت کے بعد نیوزی لینڈ کے کئی کھلاڑیوں نے ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی حاصل کی۔ فاسٹ بولر میٹ ہنری، جنہوں نے 16 وکٹیں 9.12 کی اوسط سے حاصل کیں، ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے، اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ٹیسٹ بیٹنگ میں راچن راوندرا 15 درجے اوپر ہو کر 23ویں، ڈیون کونوے سات درجے ترقی کے بعد 37ویں، اور ہنری نکولس چھ درجے بڑھ کر 47ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔