قطر ورلڈ کپ:دنیا کو اسلام سے متعارف کرانے کے لیے احادیث کی نمائش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2022
قطر ورلڈ کپ:دنیا کو اسلام سے متعارف کرانے کے لیے احادیث کی نمائش
قطر ورلڈ کپ:دنیا کو اسلام سے متعارف کرانے کے لیے احادیث کی نمائش

 

 

منصور الدین فریدی /  آواز دی وائس

فٹ بال کی دنیا کی نظریں قطر پر ہیں,جو فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا مشرقِ وسطیٰ کا پہلا ملک بن جائے گا۔ مشرقِ وسطیٰ میں پہلی بار فیفا ورلڈکپ کے انعقاد پر قطر دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال ایونٹ کے شائقین کا بہترین انداز میں خیر مقدم کر رہا ہے۔  بات صرف کھیل یا مداحوں کی سہولیات تک محدود  نہیں ہے بلکہ قطر نے اس موقع کو ایک بڑے مقصد کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے  جس کے تحت قطر ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی احادیث کی نمائش کرکے دنیا بھر سے قطر آنے والے فٹبال کے شائقین کو’اسلام‘ سے بھی متعارف کروا رہا ہے۔ نیک اعمال، خیرات، اور رحم کرنے کے بارے میں نبی کریمﷺ کی احادیث پر مشتمل بہت ساری پینٹنگز کو قطر کی سڑکوں پر آویزاں کیا گیا ہے۔

دوحہ میں فٹ بال کا عالمی میلہ کے سلسلے میں حکومت کی تیاریاں پورے عروج پر ہیں۔  جن میں یہ پہل سب کو متوجہ کررہی ہے- لوگ اسے سرہا رہے ہیں- اسلام کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے اور بنیادی معلومات مہیا کرنے کو ایک خوبصوت کوشش مانا جارہا ہے - دوحہ کو دلہن کی طرح سجا یا جارہا ہے اور دنیا بھر سے لوگ اس عالمی میلے کو دیکھنے کے لیے قطر پہنچنا شروع ہوچکے ہیں۔ فیفا کے زیرِاہتمام فٹ بال کا یہ 22واں ورلڈ کپ مقابلہ 20 نومبر سے 18 دسمبر 2022ء تک قطر میں ہوگا۔

 ان پینٹنگز میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کو انگریزی ترجمے کے ساتھ لکھا گیا ہے تاکہ سب لوگوں کو سمجھ آسکے

نبی کریمﷺ کی احادیث لوگوں کو ہمیشہ اچھے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہیں اور قطر ان احادیث کی فیفا ورلڈ کپ کے دوران نمائش کرکے اپنی رسوم و روایات، ثقافت اور اقدار کو دنیا بھر سے آنے والے فٹبال کے مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہا ہے

ان احادیث کو دیواروں پر رحمت، خیرات، اور نیک اعمال کے بارے میں مختلف پیغمبرانہ اقوال پیش کیا گیا ہے -یہ پرل ڈسٹرکٹ میں واقع ہیں، جو قطری دارالحکومت دوحہ میں سیاحوں  کے لیے ایک پر کشش  مقام ہے۔

حدیث پیغمبر محمد کے اقوال یا عمل ہیں، جو مسلمانوں کے لیے زندگی گزارنے کا طریقہ بتاتی ہیں اور انہیں اسلام پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کا طریقہ سکھاتی ہیں۔

اسلام کو متعارف کرانے کے اقدام کو عرب صحافیوں اور کارکنوں نے سراہا، جو اسے اختراعی سمجھتے ہیں۔ قطر عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک ہے جو کہ قومی ٹیم کی سطح پر فٹ بال کی دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ 

یاد رہے کہ یہ عرب دنیا میں منعقد ہونے والا اب تک کا پہلا ورلڈ کپ ہے، جس میں 32 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اس کے بعد میکسیکو اور کینیڈا میں 2026ء کے ٹورنامنٹ کے لیے 48 ٹیموں کا اضافہ ہوگا۔ قطر کی شدید گرمی کی وجہ سے یہ ورلڈ کپ نومبر کے آخر سے دسمبر کے وسط تک منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے جو مئی، جون یا جولائی میں نہیں ہوگا اوریہ تقریباً 29 دنوں کے کم ٹائم فریم میں کھیلا جائے گا