پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے ماڈلنگ شروع کر دی؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-05-2022
پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے ماڈلنگ شروع کر دی؟
پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے ماڈلنگ شروع کر دی؟

 

 

 اسلام آباد: فاسٹ بولر مخالف ٹیموں کی وکٹیں گرانے کے ساتھ ہر طرح کی کرکٹ میں پرفارم بھی کر رہا ہو تو عموما کرکٹ شائقین اس کی آن دی فیلڈ اور آف دی فیلڈ سرگرمیوں میں ضرور دلچسپی لیتے ہیں۔ ایسے میں اگر فاسٹ بولر ٹی ٹوئنٹی لیگ کی چیمپیئن ٹیم کا کپتان رہا ہو تو دلچسپی کا سامان کہیں بڑھ جاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ہے جو اپنے کیریئر کی ابتدا میں ہی اپنے اونچے قد اور نپی تلی بولنگ کے ذریعے مخالف پلیئرز کی وکٹیں بکھیر کر کرکٹ فینز کی توجہ کا مرکز بنے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایکٹو پاکستانی کرکٹرز میں شمار کیے جانے والے شاہین شاہ آفریدی نے بدھ کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ذرا منفرد سے انداز کی ایک تصویر شیئر کی۔ اسے دیکھنے والوں میں سے کئی کو لگا کہ کرکٹر نے شاید پروفیشن بدل کر ماڈلنگ شروع کر دی ہے

مختلف صارفین نے کہیں بالواسطہ اور کہیں واضح طور پر ان سے یہ استفسار کیا تو اکثر نے ان کے نسبتاً نئے انداز پر پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔ ذیشان قیوم نے اپنے تبصرے میں براہ راست تعریف کے بجائے ان کے کرکٹ کیریئر کو موضوع بناتے ہوئے لکھا کہ ’سٹائل تو ایسے مارا ہے جیسے روہت شرما، کے ایل راہل اور وراٹ کوہلی کی وکٹیں ایک ہی میچ میں لی ہوں۔‘

22سالہ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے کیریئر کا آغاز ستمبر 2018 جب کہ ٹیسٹ ڈیبیو دسمبر 2018 میں کیا ہے۔ وہ اب تک قومی ٹیم کی جانب سے 24 ٹیسٹ، 30 ون ڈے اور 40 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ پاکستانی کرکٹر صرف مقامی فینز کی جانب سے ہی نہیں سراہے جاتے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی کرکٹ ماہرین ان کی کارکردگی کے معترف دکھائی دیتے ہیں۔

سابق انگلش کرکٹر ڈیرف گف نے حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’عمدہ ٹیلنٹ کے مالک شاہین کامیابیوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اپنے بھرپور توانائی کے ساتھ انہوں نے لاہور قلندرز کی کپتانی کی۔ میرا خیال ہے وہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔‘