پاکستان: نسیم شاہ کے پیٹ پر سوشل میڈیا میں شور

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2024
پاکستان: نسیم شاہ کے پیٹ پر سوشل میڈیا میں شور
پاکستان: نسیم شاہ کے پیٹ پر سوشل میڈیا میں شور

 

راولپنڈی:پاکستان میں نوجوان بالر نسیم شاہ اپنی ’صحت‘ کے لیے خبروں میں ہیں ۔صحت کا تعلق ان کے پیٹ سے ہے ،دراصل راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم سخت تنقید کی زد میں ہے۔بنگلہ دیشی بالرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوا جس کے باعث بنگلہ دیش نے پاکستان کو بآسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

نا صرف بنگلہ دیش 10 وکٹوں سے میچ جیتا بلکہ یہ پاکستان کے خلاف ان کی پہلی ٹیسٹ میچ جیت تھی۔ اس شکست کے بعد جہاں کرکٹ مبصرین اور شائقین پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں پر سیخ پا ہوئے وہیں حال ہی میں نسیم شاہ کو بھی شائقین کرکٹ کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں جن میں ان کا پیٹ باہر نکلا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، تاہم شائقین کرکٹ ان کی فٹنس پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ طاہر فرید نامی صارف نے لکھا ’نسیم شاہ کی فٹنس کا حال دیکھیں۔ 21 سالہ نوجوان کے لیے ناممکن بات ہے کہ اس کا پیٹ ایسے باہر آئے۔ اس عمر کے نوجوان جو ہر وقت گھر پر بیٹھے رہتے ہیں ان کا پیٹ بھی ایسے باہر نہیں آتا اور نسیم تو پھر بھی ایتھلیٹ ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو سابق کرکٹرز نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ رمیز راجہ نے پاکستانی ٹیم کی ہار کی وجہ گزشتہ برس کھیلے گئے ایشیا کپ میں انڈیا کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی ہار کو قرار دیا۔رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں کہا ’پہلی بات تو یہ کہ ٹیم سلیکشن میں غلطی تھی، آپ ایک اسپنر کے بغیر کھیلے۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہم جس چیز پر فخر کرتے تھے کہ ہم فاسٹ بولرز پر انحصار کرتے ہیں، وہ بات بھی ختم ہوگئی۔سابق کپتان کا مزید کہنا ہے کہ بالرز کی رفتار کم ہوگئی ہے اور اُن کی قابلیت بھی کم ہوگئی ہے۔