پاک افغان سیریز: دونوں ممالک کے تماشائیوں کو علیحدہ بٹھانے پر غور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2023

پاک افغان سیریز: دونوں ممالک کے تماشائیوں کو علیحدہ بٹھانے پر غور
پاک افغان سیریز: دونوں ممالک کے تماشائیوں کو علیحدہ بٹھانے پر غور

 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

افغانستان کے خلاف شارجہ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے موقع پر نجم سیٹھی نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور افغان تماشائیوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا دبئی میں افغان حکام کے ساتھ بات ہوئی تھی کی آپ کے کھلاڑیوں اور کراؤڈ کو کون سنبھالے کی کیا گارنٹی ہے کیونکہ ماضی کا تجربہ اتنا اچھا نہیں رہا۔

افغان حکام کی جانب سے دو ضمانتیں تھیں، ایک تو یو اے ای کی انتظامیہ نے اب کوئی نیا انتظام کیا ہے جس میں ان کی کوشش ہو گی کہ پاکستان اور افغانستان کے سپورٹرز ایک جگہ نہ بیٹھیں۔

دوسرا یہ ہے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑی سختی سے ایکشن لیا جائے گا، یہ افغانستان اور ہمارا ایشو نہیں ہے، یہ شارجہ کی انتظامیہ نے پہلے سے ہی فیصلہ کر رکھا ہے۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا میری افغان کرکٹ بورڈ کے حکام کے ساتھ یہ بات بھی ہوئی تھی کہ برائے مہربانی آپ اپنے کھلاڑیوں کو سمجھا لیں کہ ہار جیت ہوتی ہے، ہمیں ہار جیت کا کافی تجربہ ہے اس لیے ہم اپنے جذبات کو کنٹرول کر لیتے ہیں مگر آپ نئے نئے آئے ہیں اس لیے ذرا خیال رکھیے گا، افغان حکام سے یہ بات ہو گئی ہے اور امید ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہی رہے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ میں افغانستان کی ہار پر افغان تماشائیوں کی جانب سے پاکستانی تماشائیوں کے لیے ناصرف القابات استعمال کیے گئے بلکہ ان پر کرسیاں بھی چلائی گئیں جس پر یو اے ای کی انتظامیہ نے ایکشن بھی لیا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔