علی گڑھ،:: اے ایم یو گرلز اسکول کی طالبات نے حالیہ ریاستی سطح کے تائیکوانڈو مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں بلکہ قومی سطح پر شرکت کے لیے بھی کوالیفائی کیا۔
دسویں جماعت کی طالبہ انشو نے 5 دسمبر کو گرین پارک کانپور میں انڈیا تائیکوانڈو کے زیر اہتمام منعقدہ اتر پردیش اسٹیٹ تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں جونیئر گرلز 55 کلوگرام سے کم کے زمرے میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ جے پور میں منعقد ہونے والے نیشنل فیڈریشن کپ میں شرکت کی اہل قرار پائی ہیں۔
اسی طرح نویں جماعت کی طالبہ اریبہ ملک نے کوٹہ میں تائیکوانڈو فیڈریشن آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ راجستھان اسٹیٹ تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے کیڈیٹ گرلز 55 کلوگرام سے کم کے زمرے میں مقابلے میں حصہ لیا تھا۔
اے ایم یو گرلز اسکول کی پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے طالبات کو ان کی ان کامیابیوں پر دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت لگن اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے کوچ مس شالینی چوہان اور گیمز انچارج محمد وسیم احمد کی رہنمائی اور تعاون کی بھی تعریف کی۔