ٹی 20ورلڈ کپ-ہندوستان پھر ثابت ہوا سوا سیر ،پاکستان نے کی ایک بار پھر خود سپردگی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2026
 ٹی 20ورلڈ کپ-ہندوستان پھر ثابت ہوا سوا سیر ،پاکستان نے کی ایک بار پھر خود سپردگی
ٹی 20ورلڈ کپ-ہندوستان پھر ثابت ہوا سوا سیر ،پاکستان نے کی ایک بار پھر خود سپردگی

 



کولمبو : آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر گروپ اے میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ ایشان کشور نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 77 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو 175 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ کا مضبوط مجموعہ فراہم کیا جو اس عالمی کپ میں پاک ہندوستان مقابلوں کا سب سے بڑا اسکور بھی ثابت ہوا۔

ٹیم یہ انڈیا کی ورلڈ کپ میں روایتی حریف کے خلاف آٹھویں جیت تھی۔

176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدا نہایت خراب رہی۔ ہاردک پانڈیا نے صاحبزادہ فرحان کو صفر پر آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمراہ نے صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا کو جلد پویلین بھیج دیا۔ صرف 2 اوورز میں اسکور 13 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکا تھا۔

بابر اعظم زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے جبکہ عثمان خان نے 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی۔ تاہم اکشر پٹیل کی مؤثر باؤلنگ اور وکٹ کے پیچھے ایشان کشور کی برق رفتار اسٹمپنگ نے میچ کا پانسہ مکمل طور پر ہندوستان کے حق میں کر دیا۔ درمیانی اوورز میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ہندوستان کی جانب سے اکشر پٹیل نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے بھی 2 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان 3 مسلسل کامیابیوں کے بعد گروپ اے میں سرفہرست ہے جبکہ پاکستان 2 فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ کولمبو میں اہم مقابلے میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ ٹاس کے موقع پر ایک بار پھر ہندوستانی کپتان کی جانب سے روایتی مصافحہ نہیں کیا گیا جس پر شائقین کی توجہ مرکوز رہی۔

 ہندوستان کی اننگز
پاکستان کی دعوت پر ہندوستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز ابھیشیک شرما اور ایشان کشن کریز پر آئے۔ ہندوستان کو پہلا نقصان ابھیشیک شرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو پہلے اوور کی آخری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان سلمان علی آغا کو کیچ دے بیٹھے۔ایشان کشن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے تاہم وہ صائم ایوب کا شکار بن گئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

تلک ورما 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے اور دونوں وکٹیں صائم ایوب نے حاصل کیں۔بعد ازاں سوریا کمار یادو 32، شیوم دوبے 27 اور اکشر پٹیل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ رنکو سنگھ 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپین بالنگ کا نیا ریکارڈ

 کولمبو میں ہندوستان کے خلاف پاکستان کی جانب سے کیے گئے 18 اوورز کے اسپن نے ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان نے اس میچ میں مجموعی طور پر 18 اوورز اسپن کرائے اور یوں ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسپن اوورز کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس سے قبل بھی 18 اوورز اسپن کرانے کی مثال موجود ہے جب پاکستان نے 2012 کے ایڈیشن میں اسی میدان پر آسٹریلیا کے خلاف یہی حکمت عملی اپنائی تھی۔

دیگر نمایاں مواقع میں 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان نے دہلی میں انگلینڈ کے خلاف اور اسی برس ناگپور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 16،16 اوورز اسپن کرائے تھے۔ پاکستان نے 2026 میں امریکا کے خلاف بھی 16 اوورز اسپن بولنگ کی تھی۔

ہندوستان کے خلاف 18 اوورز اسپن کا یہ مظاہرہ مکمل رکن ممالک کے درمیان کھیلے گئے تمام ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔ 2010 میں زمبابوے نے پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 18 اوورز اسپن کرائے تھے جبکہ 2012 میں پاکستان کے آسٹریلیا کے خلاف 18 اوورز بھی یادگار کارکردگی سمجھے جاتے ہیں۔ اسی طرح 2023 میں نیوزی لینڈ نے لکھنؤ میں ہندوستان کے خلاف 17 اوورز اسپن بولنگ کی تھی جو اس فہرست میں نمایاں ہے۔

 
ٹاس کے بعد سلمان آغا نے واضح کیا کہ پاکستانی ٹیم بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اترے گی۔ دوسری جانب ہندوستانی کپتان سوریا کمار یادو نے دو تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق کلدیپ یادو کو محمد ارشدیپ سنگھ کی جگہ جبکہ ابھیشک شرما کو سنجو سیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
 
ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ مقابلہ مختلف تنازعات کے بعد طے پایا۔ بنگلہ دیش کو ایونٹ سے باہر کیے جانے کے بعد پاکستان نے ہندوستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی مداخلت سے معاملہ حل ہوا اور پاکستان نے شرکت پر آمادگی ظاہر کی۔
 
گزشتہ برس مئی میں دونوں ممالک کے درمیان محدود نوعیت کی جنگ کے بعد سیاسی کشیدگی کے اثرات کھیل کے میدان میں بھی دکھائی دیتے رہے ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کا رویہ پہلے بھی سامنے آ چکا ہے اور اس میچ میں بھی ٹاس کے دوران دونوں کپتانوں نے مصافحہ نہیں کیا۔
 
ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور ہندوستان اب تک 16 مرتبہ مدمقابل آ چکے ہیں۔ ان میں ایک میچ برابر رہا جبکہ پاکستان کو صرف 3مقابلوں میں کامیابی نصیب ہوئی ہے۔
 
ٹیم انڈیا کی پلیئنگ الیون
انڈیا کی پلیئنگ الیون میں ابھیشیک شرما، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، سوریہ کمار یادیو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔